بنیادی مسائل کے جوابات — Page 281
اس کا عشق تو ہر قسم کے طمع اور لالچ سے پاک ہوتا ہے۔جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ ان باتوں سے اللہ تعالیٰ کو کیا فائدہ پہنچتا ہے ؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ ان میں اللہ تعالیٰ کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ وہ ہر قسم کے فائدہ یا نقصان سے پاک ذات ہے۔اس نے انسان کو یہ تعلیم انسان ہی کے فائدہ کے لئے دی ہے۔اسی لئے وہ فرماتا ہے کہ: ”جو شخص شکر کرتا ہے اس کے شکر کا فائدہ اُسی کی جان کو پہنچتا ہے اور جو ناشکری کرتا ہے تو یقینا اللہ بے نیاز ہے ( اور ) بہت صاحب تعریف ہے۔“ (سورة لقمان: 13) یہ سوال ایسا ہی ہے، جیسے کوئی کہے کہ ایک ماں کے اپنے بچہ کو دودھ پلانے اور بچہ کے بیمار ہونے پر اسے کڑوی دوائی پلانے میں اس ماں کا کیا فائدہ ہے ؟ یا ایک استاد کے پڑھائی کرنے والے شاگر د کو پاس کرنے اور پڑھائی نہ کرنے والے شاگرد کو فیل کرنے میں اس استاد کا کیا فائدہ ہے ؟ پس جس طرح ان امور میں ماں اور استاد کا کوئی فائدہ یا نقصان نہیں بلکہ اس بچہ اور شاگرد کا فائدہ اور نقصان ہے اسی طرح اللہ اور بندہ کے معاملہ میں بھی اللہ تعالیٰ کا کوئی فائدہ یا نقصان نہیں بلکہ الہی احکامات کی بجا آوری میں انسان کا فائدہ اور ان احکامات کی حکم عدولی میں انسان ہی کا نقصان ہے۔(قسط نمبر 19 ، الفضل انٹر نیشنل 20 اگست 2021ء صفحہ 11) 281