ایک عزیز کے نام خط

by Sir Muhammad Zafrulla Khan

Page 14 of 144

ایک عزیز کے نام خط — Page 14

یہ انتخاب تمہارے لئے اس وقت بہت آسان ہے۔چاہئے کہ تم ابھی سے یہ انتخاب کرو اور پھر استقلال کے ساتھ اس پر قائم رہو۔کیونکہ جس قد ر التو تمہارے انتخاب میں ہوگا اسی قدرتمہاری زندگی میں مشکلات کا اضافہ ہوتا جائے گا۔بظاہر تو تم دائیں دروازہ کو انتخاب کر چکے ہو لیکن کیا تمہارا دل بھی اس انتخاب میں شامل ہے اور اس کی تصدیق کرتا ہے؟ اور حوصلہ اور ہمت اور بشاشت کے ساتھ تمہیں اس ڈیوڑھی میں داخل ہونے کا مشورہ دیتا ہے اور استقلال کا وعدہ کرتا ہے؟ 17 مئی زندگی کا مقصد زندگی کیا ہے؟ اس کا مقصد کیا ہے؟ اس مقصد کے حصول کے کیا ذرائع ہیں؟ واضح ہو کہ تمام زندگی جس میں انسانی زندگی بھی شامل ہے، اللہ تعالیٰ کی صفت خلق کا ظہور ہے۔مگر زندگی کے مختلف مراحل پر انسان اللہ تعالیٰ کی مختلف صفات کے ظہور کا مورد ہوتا ہے اور ان سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ہر وہ شے جس میں احساس ہے اور جس میں ترقی کا مادہ ودیعت کیا گیا ہے زندہ ہے خواہ وہ جمادات میں سے ہو یا نباتات میں سے ہو یا حیوانات میں سے ہو اور خواہ اجرام فلکی میں سے ہو۔تمام مخلوقات کے لئے ترقی کا ایک آخری نقطہ مقرر ہے۔اور اس نقطہ تک پہنچنے کے لئے جس قسم کے احساسات اور قومی کی ہر نوع مخلوقات کو ضرورت ہے اسی قسم کے احساسات اور قومی اس کے اندر شروع سے رکھ دیئے گئے ہیں۔اور اسی قسم کی طاقتیں اس کے اندر شروع سے موجود ہیں اور زمین اور آسمان میں ایسے تغیرات کا انتظام کیا گیا ہے جو ان قومی اور طاقتوں کو مناسب حال میں ترقی دینے کے لئے ضروری ہیں اور اس ترقی میں ممد ہو سکتے ہیں۔14