ایک عزیز کے نام خط

by Sir Muhammad Zafrulla Khan

Page 13 of 144

ایک عزیز کے نام خط — Page 13

راحت کو حاصل کر لینا ہے۔اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے سب سے ضروری شے انسان کے دل کے اندر امنگ اور امید اور بشاشت کا موجود ہونا اور قائم رہنا ہے اور سب سے خطرناک شے جو لازمی طور پر انسان کو اس مقصد سے محروم کر دیتی ہے وہ مایوسی اور نا امیدی ہے جس سے ہر حال میں بچنا چاہئے۔دور سے یقین جانو کہ اس وقت تم دو عالیشان دروازوں کے سامنے کھڑے ہو۔اور تمہارے اختیار میں ہے کہ چاہو تو دائیں دروازے میں داخل ہو جاؤ اور چاہو تو بائیں میں۔اگر تم نے دائیں دروازے کو چنا تو تو تم ڈیوڑھی سے گزر کر جو کسی قدر تاریک ہے اور جس میں سے گذرنا ہمت اور استقلال اور حوصلہ چاہتا ہے جلد ایک روشن باغ میں داخل ہو جاؤ گے جس کی روشیں اور سبزہ اور پھول اور فوارے دل لبھانے والے ہیں اور جس کے پھل تازہ اور شیریں اور صحت افزا اور دل و دماغ کو فرحت بخشنے والے ہیں۔خدا کرے کہ تم اسی دروازے کا انتخاب کرو۔لیکن اگر خدا نخواستہ تم نے بائیں دروازے کا انتخاب کیا تو گو بظاہر اس دروازے سے ملحق ڈیوڑھی دوسری ڈیوڑھی کی نسبت زیادہ روشن اور پر شوکت ہے اور اس کے اندر عمدہ تصاویر اور نقش اور بت نظر آتے ہیں لیکن ڈیوڑھی سے آگے نکل کر اندھیرا اور بادل اور بجلی اور گرج اور بھیا نک نظارے اور ہیبت ناک اور خونخوار جانور ہیں۔اس کا پانی کڑوا اور بد بودار اور گندے جراثیم سے پُر ہے اور اس کے پھل سڑے ہوئے اور بدمزہ اور زہریلے اور پُر ہلاکت ہیں۔اس کی تمام وسعت کے اندر کہیں بھی امن اور سکون اور راحت نہیں بلکہ اس کی تمام فضا خوف اور بیماری اور موت کی فضاء ہے۔خدا کرے تمہارا دل اس ڈیوڑھی میں داخل ہونے کی طرف مائل نہ ہو۔13