اَلذِّکْرُ الْمَحْفُوْظ — Page 11
11 بعد لوگوں نے جو حصہ ہائے وحی ملے انہیں لکھ لیا۔اس اعتراض کے جواب کے لیے ہم ابن وراق کی خواہش کے مطابق تاریخی حقائق کی روشنی میں قرآن کریم کی جمع و تدوین کے مراحل پر نظر ڈالتے ہیں۔قرآن کریم کی جمع و تدوین کا زمانہ در اصل حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور خلافت راشدہ کے دور تک ممتد ہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی نگرانی میں قرآن کریم کو ہر طرح محفوظ کر چکے تھے اور اس کا متن اور اس کی تعلیمات آپ کے حین حیات ہی شائع ہو چکی تھیں۔آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد صحابہ نے قرآن کریم کی جو گراں قدر خدمات سرانجام دیں اُن میں قرآن کریم کی تحریر کو کمال احتیاط اور دیانت داری کے ساتھ ایک جلد میں ایک مستند مرکزی نسخہ کی شکل میں پیش کرنا، اختلاف قراءت کا حل اور کثرتِ اشاعت شامل ہے۔ذیل کی سطور میں ہم الگ الگ فصول میں ان دونوں ادوار کا تاریخی مطالعہ کریں گے کہ کس طرح خدا تعالیٰ نے قرآن کریم کی حفاظت اور اس کی جمع کے وعدہ کو معجزانہ رنگ میں پورا فرمایا۔اس بحث کے تاریخی پہلو کو بنیادی طور پر ہم دوحصوں میں تقسیم کرتے ہیں۔1۔حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حیات مبارکہ میں قرآن کریم کی جمع و تدوین اور 2 - خلافت راشدہ کے دور مبارک میں قرآن کریم کی جمع و تدوین