انوارالعلوم (جلد 9) — Page 526
۵۲۶ ایڈیٹر و مالک ہمدرد دہلی اور فارن سیکرٹری ڈاکٹر مفتی محمد صادق صاحب سابق مبلغ امریکہ کو جو دونوں کہ اس وقت لاہور میں ہیں، ہدایت کی ہے کہ وہ جہاں تک ہو سکے اس مشکل کے وقت میں مسلمانوں کی امداد کریں اور جماعت کے دوسرے دوستوں سے بھی مدد دلوائیں۔مجھے نہایت افسوس ہے کہ لاہور میں جہاں کے باشندوں کو میں نے ہمیشہ اپنے نفس پر قابو رکھنے والا اور حوصلہ مند پایا ہے ،اس قسم کا فساد ہوا اور میں امید کرتا ہوں کہ یہ فساد آخری فساد ہو گا۔اور اس سے سبق حاصل کر کے وہ لوگ جو ہندوستان میں فساد کی آگ بھڑکانے میں خاص لذت حاصل کر رہے ہیں۔اور جن میں سے بعض بد قسمتی سے لاہور کے باشندے ہیں آئندہ اپنے رویہ میں تبدیلی کریں گے اور غور کریں گے کہ کس طرح اس فساد کے موقع پر وہ ہندو جو احمدیوں کے درمیان رہتے تھے، ہر ایک شر سے محفوظ رہے ہیں۔اور نصیحت حاصل کریں گے کہ تبلیغ کے جوش کے یہ معنی ہر گز نہیں کہ انسان انسانیت سے بھی خارج ہو جائے۔ان ہندو صاحبان کا جوش تبلیغ، احمدیوں سے زیادہ نہیں ہو سکتا۔پس جس طرح با و جو د انتہائی درجہ کا جوش تبلیغ رکھنے کے ایک احمدی ایک ہندو پر ہاتھ نہیں اٹھاتا، ایک ہندو کیوں ایک مسلمان پر ہاتھ اٹھائے۔میں اس امر کا اظہار کر کے اس اشتہار کو ختم کرتا ہوں کہ میں نے ایک رسالہ لکھا ہے کہ اس وقت مسلمان اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کس طرح کر سکتے ہیں۔تمام احباب سے درخواست ہے کہ دو پیسہ کا کٹ بھیج کر یہ رسالہ صیغہ ترقی اسلام قادیان سے مفت طلب کریں۔شاید کہ خدا تعالی ان کے ہاتھ سے کوئی خد مت لے لے اور ان کے لئے دین و دنیا کی بہتری کے سامان جمع ہو جا ئیں - واخر دعوا نا أن الحمد لله رب العلمين - خاکسار میرزا محمود احمد امام جماعت احمدیہ قادیان گورداسپور (الفضل ۱۳ مئی ۱۹۲۷ء)