انوارالعلوم (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 317 of 703

انوارالعلوم (جلد 9) — Page 317

۳۱۷ میں ابھی لکھ چکا ہوں کہ یہ لفظ اللہ تعالیٰ کی نسبت قرآن کریم میں بار بار استعمال ہوا ہے۔چنانچہ بعض آیات اور لکھ دیتا ہوں جن سے معلوم ہوگا کہ خدا تعالیٰ بھی غضب کرتا ہے۔سورۃ مجادلہ میں فرماتا ہے تَوَلَّوْا قَوْمًا غَضِبَ اللّٰهُ عَلَيْهِمْ۔سورۃ نساء میں ہے غَضِبَ اللّٰهُ عَلَيْهِ وَ لَعَنَهٗ۔سورۃ فتح میں ہے غَضِبَ اللّٰهُ عَلَيْهِمْ۔اور اگر مصنف ہفوات نماز کے فریضہ کے ادا کرنے کی طرف بھی کبھی متوجہ ہوتے ہیں توان کو معلوم ہونا چاہئے کہ سورہ فاتحہ جسے ایک مسلمان کم سے کم بتیس دفعہ دن میں پڑھتا ہے اس میں غَيْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَيْهِمْ۔ایک قوم کی نسبت آتا ہے۔اور اس غضب کی مدت قیامت تک ہے جیسا کہ فرماتا ہے وَ اِذْ تَاَذَّنَ رَبُّكَ لَيَبْعَثَنَّ عَلَيْهِمْ اِلٰى يَوْمِ الْقِيٰمَةِ مَنْ يَّسُوْمُهُمْ سُوْٓءَ الْعَذَابِ١ؕ اِنَّ رَبَّكَ لَسَرِيْعُ الْعِقَابِ١ۖۚ وَ اِنَّهٗ لَغَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ۔ترجمہ: جب تیرے رب نے خبر دے دی کہ وہ ان لوگوں پر قیامت تک ایسے لوگ مقرر کرتا رہے گا جو ان کو سخت عذاب دیتے رہیں گے۔ضرور تیرا رب جلد بُرے کام کا بدلہ دینے والا ہے۔اور وہ ساتھ ہی بہت بخشے والا اور مہربان بھی ہے۔اب اگر غضب کرنے والا اپنے کام سے معطّل ہو جاتا ہے اور اسی صورت میں وہ غضب کر سکتا ہے جب اور کسی کی بات کی اسے ہوش نہ رہے تو کیا اللہ تعالیٰ بھی اپنے کام سے معطّل ہو جاتا ہے اور اگر باوجود اس کے کہ یہ لفظ بار بار اللہ تعالیٰ کی نسبت استعمال ہوا ہے اللہ تعالیٰ کی شان میں کچھ فرق نہیں آتا توکیا رسول کی شان خدا سے بڑھ کر ہے کہ اگر اس کی نسبت یہ لفظ استعمال ہو جائے تواس کی شان میں فرق آ جاتا ہے۔اگر یہ کہو کہ خدا تعالیٰ کی نسبت تو یہ الفاظ بطور استعارہ اور مجاز استعمال ہوتے ہیں اور بندوں کی نسبت اصل معنوں میں۔تو اس کا جواب یہ ہے کہ کوئی قاعدہ ایسا نہیں جس میں استعارہ اور مجاز کے استعمال کے لئے یہ حد لگائی گئی ہو کہ فلاں کے لئے وہ استعمال ہو سکتا ہے اور فلاں کے لئے نہیں۔اگر اللہ تعالیٰ کے لئے یہ لفظ بطور استعارہ استعمال ہوتے ہیں تو وہی لفظ اگر اللہ تعالیٰ کے رسول کی نسبت آ گیا ہے تو اس کے حقیقی معنے اگر رسول کی شان کے خلاف ہیں تو ہم اسی طرح اس جگہ اس کے مجازی معنے لے لیں گے جس طرح اللہ تعالیٰ کی نسبت اس کے مجازی معنے لیتے ہیں۔دوسرا جواب اس کا یہ ہے کہ مجاز اور استعارہ کے طور پر وہی لفظ کسی قدوس او ر پاک ہستی کی نسبت استعمال کیا جاتا ہے جو پاک ہو۔پس اگر مجازاً بھی غضب کا لفظ اللہ تعالیٰ کے لئے استعمال کیا