انوارالعلوم (جلد 9) — Page 213
۲۱۳ گا۔اللہ تعالیٰ اس کا ذکر کرتے ہوئے فرماتا ہے۔وہ کہتا ہے عزت اس کے پاس ہے عزت تو رسول کو ماننے میں ہوتی ہے۔اس کے الفاظ کا نتیجہ یہ ہوا کہ اُس کا بیٹا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور آکر کہنے لگا مَیں نے سُنا ہے میرے باپ نے اس اس طرح کہا ہے اسکی سزا یہ ہے کہ اُسے قتل کیا جائے۔مگر یہ نہ ہو کہ کوئی اور قتل کرے۔کسی وقت شیطان مجھے دھوکہ دے کر اس کے خلاف بھڑکائے۔اس لئے اُس کے قتل کی خدمت میرے سپرد کی جائے۔یہ بات سُنکر اُسے اپنی عزّت کا اچھی طرح احساس ہوگیا ہوگا۔آپ لوگ اپنے ذرائع، علم، حیثیت کی کمی پر نگاہ نہ رکھیں۔یہ موجودہ جماعت جن ذرائع سے بنی ہے وہ اسوقت کے ذرائع سے بہت کم تھے اور جب لوگ کئی لاکھ کو کھینچ کر سلسلہ میں لے آئے ہیں تو یہ کئی لاکھ کئی کروڑ کیوں نہ لائیں گے۔تھوڑے ہی دن ہوئے مَیں نے ایک رئویا دیکھی کہ مَیں خطبہ پڑھ رہا ہوں۔جس میں کہتا ہوںہمیں اپنے بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھنا چاہئے کیونکہ اس وقت جو بوجھ ہمارے کندھوں پر ہے اس سے ہزار گنازیادہ بوجھ ان کے کندھوں پر ہوگا۔پس ہماری آئندہ پیدا ہونے والی نسلیں دیکھی گی کہ دنیا کی زبردست طاقتیں اور قوتیں یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائیں گی کہ اب احمدیت کو کوئی مٹا نہیں سکتا۔مگر خدا تعالیٰ اسی پر راضی نہ ہوگا۔وہ جماعت کو اور بڑھاتا جائیگا جب تک لوگ یہ نہ کہہ اُٹھیں کہ دُنیا میں احمدیت ہی ایک مذہب ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اِس زمانہ میں جبکہ آپ کے ساتھ ایک بھی آدمی نہ تھا فرمایا تھا کہ خدا تعالیٰ نے مجھے خبر دی ہے کہ تمہاری جماعت اسقدر ترقی کریگی کہ باقی اقوام دنیا کی اس طرح رہ جائینگی جس طرح آجکل پُرانی خانہ بدوش قومیں ہیں۔پس کچھ لوگ آج مانیں گے، کچھ کل، کچھ پرسوں۔اسی طرح روز بروز اور دن بدن جماعت بڑھتی جائیگی اور ساعت بساعت اسکی قوت ترقی کرتی جائیگی۔غریب امیر، عام انسان و خواص و بادشاہ اور رعایا حضرت مسیح موعودؑ پر ایمان لائیگی۔یہاں تک کہ ساری دنیا میں یہی سلسلہ رہ جائیگا اور باقی مذاہب اس کے مقابلہ میں اسی طرح ماند ہو جائینگے جس طرح سورج کے سامنے ستارے ماندپڑ جاتے ہیں۔یہ خدا تعالیٰ کی فرمائی ہوئی باتیں ہیں جو پوری ہو کر رہیں گی۔پس دنیا کی بڑی سے بڑی روکیں ہمارے ایمانوں کو متزلزل نہیں کر سکتیں اور ہم لوگوں کی مخالفت سے مایوس نہیں ہوسکتے جس شخص نے یہ دیکھا ہو کہ ایک اکیلے انسان کے ذریعہ لاکھوں انسانوں کی جماعت بن گئی ہے وہ آئندہ