انوارالعلوم (جلد 9) — Page 146
۱۴۶ اس میں ترقی ہوتی گئی تو وہ نہر جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوة والسلام نے چلائی تھی، خشک ہو جائے گی اس لئے ضروری ہے کہ ہماری جماعت کے لئے سب سے مقدم بات یہی ہو۔اور اس کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوة والسلام نے یہ گر بتایا ہے کہ خدا تعالی کی خالص محبت پیدا کی جائے۔اس سے جو نتیجہ پیدا ہوتا ہے وہ نہ مجاہدات سے اور نہ عبادات سے پیدا ہو سکتا ہے۔محبت خالص خدا تعالی کو کھینچ لاتی ہے۔اور یہ وہ چیز ہے کہ اس کی وجہ سے خدا تعالی نے بھی اپنے لئے پابندی مقرر کی ہے۔حالانکہ وہ پابندیوں سے بالا ہے۔پس تم خدا تعالی کی خالص محبت پیدا کرنے کی کوشش کرو تاکہ تم سے مکالمہ و مخاطبہ بند نہ ہو۔جوں جوں زمانہ گزر رہا ہے اس کی ضرورت زیادہ بڑھ رہی ہے۔قادیان والوں کو میں اس کی طرف خاص طور پر توجہ دلاتا ہوں اور خصوصاً بچوں کی اصلاح کی طرف متوجہ کرتا ہوں۔ان کے کان بچپن سے ہی اس بات سے آشنا ہونے جائیں کہ ہمارا مقصد خدا کو پانا ہے۔یہ بات اگر بچوں کے دلوں میں ڈال دی جائے اور ہمیشہ ان کے سامنے پیش کی جائے اور میں صحیح گر انہیں بتائے جائیں تو ہماری جماعت میں مکالمہ و مخاطبہ کا شرف ہمیشہ جاری رہ سکتا ہے۔پھر میں نے پہلے بھی بتایا تھا اور اب بھی بتاتا ہوں کہ روحانیت کو قائم رکھنے اور مالی مشکلات کو دور کرنے کے لئے ایک ذریعہ یہ بھی ہے کہ سادہ زندگی بسر کی جائے۔وہ لوگ جومال رکھتے ہیں جس طرح چاہیں کریں ہمیں سادہ زندگی بسر کرنی چاہئے اور کام کرنے کی عادت ڈالنی چاہئے۔پھر یہ کام چونکہ سب کے اتحاد سے ہو سکتے ہیں اس لئے میں سب کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپس میں اتحاد اور محبت بڑھانے کی کوشش کریں۔پھر چونکہ یہ سب باتیں خداتعالی کے فضل پر منحصر ہیں اس لئے میں دوستوں سے چاہتا ہوں کہ اپنی اور سب کی روحانی ترقی سلسلہ کے کاموں اور ترقی کے لئے دعائیں کرتے رہیں۔اور یہ بھی چاہتا ہوں کہ ہم اس وقت مل کر دعا کریں کہ خدا تعالی صیغوں کا اتحاد بابرکت کرے اور ہمارے لئے اپنے فضل کے دروازے کھلے رکھے اور ان سامانوں کے استعمال کی توفیق دے جو ترقی کے لئے ضروری ہیں اور ان کے نیک نتائج ہمارے لئے اور ہماری نسلوں کے لئے پیدا کرے۔آمین ثم آمین (الفضل ۳۱ _اکتوبر،۳،۵،۷،۱۰ نومبر ۱۹۲۵ء) ۱-بخاری کتاب المغازی باب من قتل من المسلمين يوم احد۔۲-بخاری کتاب الایمان باب كفران العشير و کفر دون كفر ۳- الوصیت صفحہ ۲۱ روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحہ ۳۱۹ (مفهوماً)