انوارالعلوم (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 302 of 703

انوارالعلوم (جلد 9) — Page 302

۳۰۲ حق الیقین ہیں۔اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ محبت کا لفظ نفع رسانی کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے پہاڑ محبت نہیں کیا کرتے۔پہاڑ کی محبت سے اس کا وہ نفع ہے جو وہ پہنچاتا ہے چونکہ احد کی جنگ میں ایک غلطی کے سبب سے مسلمانوں کو تکلیف اٹھانی پڑی اور مفکر اسلامی کا اجتماع احد پہاڑ پر ہی ہوا اور وہ دشمن کے حملوں سے بچانے کا ایک ذریعہ ہو گیا اس لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ ہمیں نفع پہنچاتا ہے اور ہم اس کے قیام کو پسند کرتے ہیں۔اسی طرح لسان نے ایک دوسری حدیث انس ؓسے لکھی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا انظروا لحب الآنصار التمر ۲۹؎ انصار کی محبت کھجور سے دیکھو۔اس کے یہ معنی نہیں کہ انصار کھجور کے عشق میں سرشار تھے۔بلکہ اس کے یہ معنی ہیں کہ انصار کھجور کے مفید ہونے کو دیکھ کر اس کی حفاظت کرتے تھے اور اس کے بونے اور جمع کرنے میں کوشاں رہتے تھے۔اسی طرح حدیث میں آتا ہے اذ ا ابتليت عبدي بحبيبتيه فصبر ۳۰؎ یعنی جب بندے کی آنکھیں ضائع ہو جائیں اور وہ صبر کرے۔آنکھوں کے لوگ عاشق نہیں ہوتے بلکہ اس کے یہ معنی ہیں کہ ان کے فائدہ کو دیکھ کر ان کی قدر کرتے ہیں اور ان کی حفاظت کرتے ہیں اور ان کو ضائع ہونے سے بچاتے ہیں۔غرض محبت کے معنے وسیع ہیں کسی چیز کو نفع رساں سمجھ کر اس کی قدر کرنی اور اس کو تباه ہونے سے بچانے کی کوشش کرنے اور نفع پہنچانے کے علاده طبعی کشش اور اتّصال اور پھر کلی طور پر کسی کے خیال میں محو ہو جانے تک اس لفظ کا دائرہ وسیع ہے۔جب یہ بات ثابت ہو گئی کہ محبت کے معنے صرف عشق کے نہیں ہیں جیسا کہ مصنف ہفوات نے اپنی ناواقفیت سے سمجھا ہے تو اب اس حدیث کے معنی سمجھنے میں کوئی دقت نہیں رہی۔اس حدیث میں آلنساء کا لفظ ہے اور النساء کے معنی عورتیں اور بیویاں دونوں ہو سکتے ہیں اور میرے نزدیک اس جگہ عورتوں کے معنے ہیں اور مطلب یہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ وسلم سے بیان فرماتے ہیں کہ مجھے دنیا کی باتوں میں سے خصوصیت کے ساتھ عورتوں کی خیر خواہی اور خوشبو کی اشاعت کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔مگر باوجود اس کے مجھے اصل لذت عبادت الہٰی میں دی گئی ہے یعنی مخلوق کی اصلاح کی طرف بھی توجہ کرتا ہوں مگر جو لطف اللہ تعالیٰ کی طرف جھکنے میں آتا ہے اتنا لطف اس کام میں نہیں آتا کیونکہ یہ کام در حقیقت ضمنی ہے اصل کام اللہ تعالیٰ سے ملنا ہے ہاں خدا نے چونکہ اس کام کو بھی ضروری قرار دیا ہے اس لئے اس طرف بھی توجہ کرنی پڑتی