انوارالعلوم (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 161 of 703

انوارالعلوم (جلد 9) — Page 161

۱۶۱ لئے دُعا کی طرف توجہ ہوتی ہے۔اِس کے بعد مَیں ایک اور شُبہ کا ازالہ کرنا چاہتا ہوں بعض دوستوں کا یہ خیال بیان کیا گیا ہے کہ دُعا کے لئے لکھنے کا کیا فائدہ ہے۔اور وہ اتنے لوگوں کے لئے کہاں دُعا کرتے ہوں گے۔اِس میں شُبہ نہیں کہ اگرکسی کو یہ خیال ہو کہ جس دوست کی دُعا کے لئے چٹھی آئے اُس کے لئے مَیں آدھ گھنٹہ یا گھنٹہ الگ بیٹھ کر دُعا کرتا ہوں تو یہ درست نہیں۔مَیں نہ اِس طرح کرتا ہوں اور نہ کر سکتا ہوں۔سو کے قریب روزانہ قادیان کے رُقعے ملا کر دُعا کی درخواستیں ہوتی ہیں اور بعض اِس قسم کے خطوط لکھتے ہیں کہ ہمارے لئے دُعا کرتے رہنا۔ان کو بھی اگر ملایا جائے تو یہ تعداد اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ان کے لئے اگر ایک ایک منٹ بھی علیحدہ دُعا کے لئے رکھا جائے اور پھر اسلام کی ضروریات کو شامل کیا جائے تو تین چار گھنٹے صرف ایک وقت کی دُعا کے لئے چاہئے ہوتے ہیں۔اس لئے مَیں اسی طرح کرتا ہوں جس طرح حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کیا کرتے تھے۔آپ کا قاعدہ تھا کہ خط پڑھتے جاتے اور ساتھ ساتھ دُعا بھی کرتے جاتے۔مَیں بھی اسی طرح کرتا ہوں۔اس وجہ سے خط بھی خاص توجہ سے پڑھا جاتا ہے اور اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ایک خط سیکرٹری کے ہاتھ میں ہوتا ہے اور وہ مجھے سُنا رہا ہوتا ہے لیکن مَیں کہتا ہوں۔اِس میں یہ نہیں بلکہ یہ لکھا ہے۔اور میری ہی بات درست نکلتی ہے۔غرض دُعا کی وجہ سے مَیں خط پڑھنے میں پوری توجہ دیتا ہوں اور خط کا سارا مضمون میرے ذہن نشین ہو جاتا ہے۔ایک تو اس طرح دُعا کرتا ہوں۔دوسرے یہ طریق مَیں نے رکھا ہے کہ نوافل میں دعا کرتا ہوں اور پچھلے دنوں سے تو جماعت کی ترقی اور مشکلات کے ازالہ کے لئے ہر فرض نماز میں دُعا کرتا ہوں۔اس دعا میں علاوہ اسکے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پڑھتا ہوں اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام پر بھی درود بھیجتا ہوں اِنکے درجات کی بلندی کے لئے دُعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ ان کی بعثت کے اغراض کو ہمارے ذریعہ سے پورا کرے۔ان کے نہ ماننے والوں اور اعتراض کرنے والوں کو سمجھ دے سلسلہ کی مشکلات اور تکالیف کو دور کرے اور ترقی کے سامان پیدا کرے۔پھر جب سے کابل کے واقعاتِ شہادت ہوئے ہیں روزانہ یہ بھی دُعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ ہمارے وہاں کے بھائیوں کی مدد اور نصرت فرمائے اور انہیں دشمنوں کے ہر شر سے محفوظ رکھے۔پھر یہ دُعا بھی کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ اسلام کی صداقت کو مشرق اور مغرب میں پھیلائے۔اور سب انسانوں کو اسلام میں داخل کرے۔پھر ساری جماعت کے لئے دُعا کرتا ہوں۔جس کا خلاصہ یہ ہے کہ خدا تعالیٰ جماعت کی مالی، جسمانی، اخلاقی، علمی، روحانی ہر