انوارالعلوم (جلد 9)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 538 of 703

انوارالعلوم (جلد 9) — Page 538

۵۳۸ صیغہ مذکورہ بالا کو اطلاع دیتے رہا کریں جو کسی نہ کسی رنگ میں خدمت اسلام میں حصہ لینے کے لئے تیار ہوں۔(۳۲) اگر آپ ان امور میں سے کسی امر کی تعیین کر سکتے ہوں تو کم سے کم اس قدر ضرور کریں کہ اپنی زندگی کو اسلام کی تعلیم کے مطابق بسر کرنے کی کوشش کریں۔اس طرح آپ اسلام کو اعتراض سے بچانے میں ہماری مدد کریں گے اور اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ترقی کی توفیق دے گا۔اگر آپ ان کاموں میں کسی ایک یا زیادہ کاموں کے کرنے کے لئے تیار ہیں تو بھی اور اگر کسی معیّن کام کے کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں لیکن یوں اس غرض اور مقصد سے دلچسپی رکھتے ہیں تو بھی ساتھ کے فارم پردستخط کر کے اور اپنا پتہ لکھ کرمذکورہ بالا انجمن کے نام ارسال کر دیں تاکہ آپ کی خواہش پوری ہو اور اسلام کی خدمت میں آپ کو بھی حصہ ملے۔میں امید کرتا ہوں کہ وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے آپ سُستی سے کام نہ لیں گے اور خود بھی اس تحریک میں شامل ہوں گے اور دوسروں کو بھی شامل کرنے کی تحریک کریں گے۔اللہ تعالیٰ آپ کے ساتھ ہو اور آپ کا مددگار ہو۔وقت نازک ہے اور حالات دم بدم بدل رہے ہیں۔ایک ایک منٹ کی دیر خطرناک ہے۔آپ سوچ لیں کہ کیا آپ سپین کی طرح اسلام اور مسلمانوں کا نام ہندوستان سے مٹ جانے پر راضی ہیں۔اگر نہیں تو پھر اس جدوجہد کے لئے تیار ہو جائیں جو آپ کی ساری قوتوں کو اپنی طرف مشغول کرے۔ایک زبردست اور منظّم قوم کا آپ نے مقابلہ کرتا ہے اور بغیر اعلی ٰدرجہ کے نظام کے آپ اس کام میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔میں یہ بھی بتادینا چاہتا ہوں کہ ساتھ کے فارم پردستخط کرنے سے آپ پر کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔جب آپ سے کوئی تحریک کی جائے گی تو آپ آزاد ہوں گے کہ اپنے حالات کے مطابق جو راه چاہیں اختیار کریں۔واخر دعوانا ان الحمد لله رب العلمين خاکسار میرزا محموداحمد امام جماعت احمدیہ قادیان دارالامان (الفضل ۱۷، ۲۴ مئی ۱۹۴۷ء) ۱؎ مشكوةكتاب الاداب باب ما ينهى عنه من التهاجر والتقاطع و اتباع العورات الفصل الثالث مدیث نمبر۵۰۵ صفحہ نمبر۳۰۳، مطبوعہ بیروت ۱۹۸۵ء