انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 636 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 636

۶۳۶ بہت ہی کامیابیاں، بہت سی فتوحات ایسی ہوتی ہیں کہ ان کا سہراتو بعض کے سر بندھتا ہے مگران کے جذب کرنے اور حاصل کرنے کے لئے سینکڑوں ہزاروں آدمیوں کی کوششیں ملی ہوتی ہیں۔اور قوانین قدرت کے ماتحت نیچی چیزیں اوپر کی چیزوں کے نیچے چُھپی رہتی ہیں۔پس ہمیں اس کامیابی میں جو ہمیں سفر یورپ میں حاصل ہوئی اگر کچھ انسانی کو شش کا دخل ہے تو اس میں آج ایڈریس پیش کرنے والے بھی شامل ہیں۔مجھے ہمیشہ کو رل ریف (CORAL REEF) کا خیال کر کے تعجب آیا کرتا ہے۔بعض جزائر کی نسبت دریافت ہوا ہے کہ وہ حقیقی مٹی سے نہیں بنے بلکہ کورل ریف سے بنے ہیں۔تین چھوٹے چھوٹے کیڑوں کے مجموعہ سے وہ جزائر بنے ہیں۔جن میں اب آدمی بستے ہیں۔وہ کیا ہیں وہ خشکی جو سمند ر کا مقابلہ کر رہی ہے، جو بنی نوع انسان کو اپنی پیٹھ پر سوار کئے ہوئے ہے وہ چھوٹے چھوٹے کیڑوں کے کام کا نتیجہ ہے گویا وہ جزیرہ جسے ان میں بسنے والے لوگ اپنا وطن کہتے ہیں نہایت چھوٹے چھوٹے اور حقیر کیڑوں کے ایک دوسرے پر جانیں دے دینے کا نتیجہ ہے۔ایک پر ایک کیڑا گر تا ہے اور اس طرح کروڑوں کروڑ مرتے جاتے ہیں تاکہ وہ زمین بنائیں جس پر وہ انسان جسے خدا تعالی نے اپنی قدرت اور اپنے جلال کے اظہار کے لئے پیدا کیا ہے بسے۔اس جلال کے اظہار کے متعلق کوئی کہہ سکتا ہے کہ کیڑوں کا بھی حصہ ہے؟مگراس میں اس کیڑے کا بھی دخل ہے جو سب سے پہلے مر کر سمندر کی تہہ میں گیا جز یرہ میں بسنے والے عام لوگ اس کا دخل نہیں جانتے مگر اس میں ذرا بھی شک نہیں کہ اس کا دخل ہے۔اگر وہ جان نہ دیتا اور اس کے اوپر دوسرے کیڑے اس طرح نہ مرتے جاتے تو کوئی انسان اس جگہ نہیں رہ سکتا تھا جہاں جز یرہ بنا او ر وہاں اپنے پیدا کرنے والے کے جلال کا اظہار نہیں کر سکتاتھا۔اسی طرح تمام سلسلوں میں ہوتا ہے۔ہر طبقہ کے لوگ اپنے اپنے رنگ میں کام میں لگے ہوتے ہیں اور ہر شخص ان کامیابیوں کا حصہ دار ہوتا ہے جو حاصل ہوتی ہیں۔مگر ان میں سے بہت سے ہوتے ہیں جو اپنے قائم مقاموں کے پردہ میں یا اپنے سے زیادہ حیثیت رکھنے والوں کی چادر میں چھپے رہتے ہیں مگر اس کے یہ معنی نہیں ہوتے کہ ان کا کام باطل ہو جاتا ہے اور ان کا حق جاتا رہتا ہے۔دیکھو اگر سورج کی موجودگی میں ستارے چمکتے نہیں تو اس کے یہ معنے نہیں کہ وہ موجو د ہی نہیں۔اگر لیمپ کے مقابلہ میں جگنو روشن نہیں ہوتا تو اس کے یہ معنے نہیں کہ اس میں روشنی ہی نہیں بلکہ اس کے یہ معنی ہیں کہ اس سے زیادہ روشن چیز سامنے آگئی اور اس روشنی میں جگنو کی روشنی بھی شامل ہو گئی۔ہزار روپیہ میں اگر کوئی ایک پیسہ ڈالے تو لوگ اس پر ہنسیں گے مگر