انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 335 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 335

۳۳۵ نظارے اس دنیا میں موجود ہیں اور انسان ان نظاروں سے دوزخ کی کیفیت کو اچھی طرح معلوم کر سکتا ہے۔اصل بات یہ ہے کہ جس طرح نیکی ایک مستقل وجود کا نام ہے اور بدی اس کے غلط استعمال کا نام ہے اسی طرح نعمائے الٰہی اصل ہیں اور عذاب اس خرابی کا نتیجہ ہےجو انسان خود اپنے اندر پیدا کرتا ہے۔رسول کریم ﷺ سے ایک شخص نے دریافت کیا یا رسول اللہ! جب اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جنت کا پھیلاؤ آسمان اور زمین کے برابر ہے تو پھر دوزخ کہاں ہے؟ آپؐ نے فرمایا جب دن آتا ہے تو رات کہاں ہوتی ہے؟ یہی حال جنت اور دوزخ کا ہے۔اب یہ مراد اس قول سے نہیں ہو سکتی کہ ایک زمانے میں سب لوگ دوزخ میں ہوں گےاو رایک زمانہ میں سب لوگ جنت میں۔جس طرح ایک وقت رات آتی ہے اور دوسرے وقت دن۔بلکہ مراد یہ ہے کہ رات بھی ساری دنیا پر آتی ہے اور دن بھی ساری دنیا پر چڑھتا ہے مگر وہ جو سورج کے نیچے آ جاتے ہیں ان کے لئے دنیا پر دن ہو جاتا ہے اور دوسروں کے لئےرات۔اسی طرح وہ لوگ جو خدا کے فضل کے نیچے آ جائیں گے ان کے لئے وہ جگہ جنت ہوجائے گی دوسروں کے لئے دوزخ۔پس جو لوگ خدا تعالیٰ کے فضؒ سے حواس سبعہ درست رکھتے ہوں گے وہ جنت کی لذتیں محسوس کریں گے اور جو لوگ ان حواس کو خراب کر چکے ہوں گے ان کے لئے یہی نعمتیں عذاب اور سخت عذاب ہوں گی۔نیک تو اسی قدر گرمی محسوس کرے گا جو اس کے لئے خوشی کا موجب ہو گی۔لیکن بد ایسی شدید آگ محسوس کرے گا کہ وہ اپنے شعلوں سے اس کو جھلس دے گی جس طرح ایک بیمار آگ دیکھتا ہے اور اس کی گرمی بھی محسوس کرتا ہے۔نیک ٹھنڈے پانی کے مشابہ روحانی نعمتوں کو حاصل کرے گا لیکن جب بد کو پانی ملے گا وہ اس کو ایسا سخت گرم پائےگا کہ اس کے منہ کو جھلس دے گا۔چنانچہ رسول کریم ﷺ فرماتے ہیں ہر شخص کے لئے جنت اور دوزخ میں جاتے ہیں وہ جنتیوں کے حصے کی جگہ بھی لے لیتے ہیں اس سے بھی یہی مراد ہے کہ جنتی سب راحت کو لے لیتا ہے اور سزا یافتہ سب عذاب کو۔یہ محاورہ ہے کہ جب کوئی شخص کسی نعمت سے فائدہ نہ اٹھا سکے تو وہ دوسرے کو کہتا ہے تُو نے بھی میرا حصہ لے لیا ہے قرآن کریم میں اللہ تعالیٰٰ دوزخ کے متعلق فرماتا ہے وَإِنْ مِنْكُمْ إِلَّا وَارِدُهَا (مريم:72) پھر فرماتا ہے ثُمَّ نُنَجِّي الَّذِينَ اتَّقَوْا (مريم:73) ہر ایک شخص دوزخ میں وارد ہو گا۔پھر ہم متقیوں کو اس کے عذاب سے بچا لیں گے