انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 528 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 528

۵۲۸ ایک ہی حکومت نہیں ہے بلکہ اور بھی ہیں اورجوں جوں ریکروٹنگ پر زور دیا جانا شروع ہوا لوگوں کے دلوں میں یہ خیال بڑھتا گیا کہ جرمنی کی حکومت انگریزوں سے زیادہ زبردست ہے اور یہ کہ ہندوستان ایسا کمزور نہیں ہے- اس وقت انگلستان اپنے بچاؤ کے لئے اس کی مدد کا محتاج ہے- جنگ سے پہلے لوگ اس قدر اخبار پڑھنے کے عادی نہ تھے لیکن جب ہرقصبہ سے لوگ جنگ پر جانے شروع ہوگئے تو ان کے عزیزوں ، رشتہ داروں نے قدرتاً اخباروں کامطالعہ شروع کیا تاکہ ان کو جنگ کے حالات معلوم ہوتے رہیں اور دل کو ایک حد تک تسلی رہے- اس اخباری مطالعہ سے ان کی عام علمیت میں بھی اضافہ ہوا مگر جنگی نقصانات کے حالات پڑھ کر اور یہ دیکھ کر کہ سب طرف سے جرمنی کا ہی شور ہے ان کے دلوں میں یہ خیال اور بھی مضبوط ہوگیا کہ انگریزی حکومت ایسی مضبوط نہیں جیسی کہ وہ سمجھتے تھے بلکہ ان کے توہمات نے جرمنی کی طاقت کے ایسے نقشے کھینچ دیئے کہ ان کو سن کر انسان حیران ہوجاتا ہے- پھر ان اخباروں کے ساتھ ساتھ وہ قومی آزادی کے مضمون بھی پڑھتے رہتے جو اخباروں میں چھپتے تھے اور اس سے ان کی سیاسی دلچسپی ترقی کر گئی- عوام الناس پر تو یہ اثر پڑا- تعلیم یافتہ طبقہ پر جنگ کا یہ اثر پڑا کہ جنگ کے دوران میں اس مسئلہ پر خاص طور پر زور دیا گیا کہ کسی حکومت کو حق نہیں کہ وہ کسی ملک کی آبادی کی مرضی کے خلاف اس پر حکومت کرے اور اس پر اس قدر زور دیا گیا کہ یہ اصل ایک ازلی مذہبی اصل کی طرح مقدس ہوگیا- ہندوستان کے بعض ہوشیار سیاسی لیڈروں نے خوب پھیلا پھیلا کر اس اصل کو شائع کیا اور اس موقع کی انتظار بڑے شوق سے کرنے لگے جبکہ اس اصل کو استعمال میں لایا جائے گا۔خلاصہ یہ کہ جنگ کے دوران میں ہندوستان کا سیاسی مطلع بالکل بدل گیا- اور دوسرے طبعی حالات سے مل کر اس نے ہندوستان میں ایسا تغیر پیدا کردیا ہے کہ انسان اس کو دیکھ کرحیران رہ جاتا ہے- اس تغیر نے لوگو ں کے اندر سلف گورنمنٹ کی ایک پوشیدہ خواہش پیدا کردی جس کے اُبھر نے کے لئے کسی تحریک کی ہی ضرورت تھی- جنگ کے بعد کی حالت جنگ کے ختم ہوتے ہی ایسے سامان پیدا ہونے لگے کہ یہ تحریک بھی پیدا ہوگئی- جنگ کے بعد لاکھوں آدمی جو جنگی کاموں پر مقرر تھے فارغ ہوگئے اور ان کو اپنے گھروں میں واپس آکر کام نہ ملے جن سے ان کا ایسا گزارہ ہوسکتا جس کے اب وہ عادی ہوچکے تھے- دوسرے ریکروٹنگ کے وقت لوگوں کو بہت