انوارالعلوم (جلد 8) — Page 485
۴۸۵ دوره یو رپ پرانی عادتوں کے خلاف ہیں اپنے اوپر خدا کی رحمت کے دروازوں کو بند کرلیں گے ؟اور اس کی یگانگت کی رحمت کو ردّ کردیں گے- کیا قربانی کے بغیر بھی کوئی نعمت مل سکتی ہے؟ تم ایک ہی وقت میں اپنے نفس کی ادنیٰ خواہشوں کو اور خدا تعالیٰ کو خوش نہیں کرسکتے- خدا موت کے بعد ملتا ہے سب مذاہب اس امر پر متفق ہیں کہ خدا تعالیٰ موت کے بعد ملتا ہے مگر اس کا یہ مطلب ہے کہ خدا تعالیٰ اس موت کے بعد ملتا ہے جو انسان اپنے نفس کی خواہشات پر خدا کی خاطر وارد کر لیتا ہے۔انگلستان کے متعلق خدا نے کیا دکھایا اے لوگو! اس بات سے مت ڈرو کہ لوگ تم پر ہنسیں گے یا تم کو پاگل سمجھیں گے- کبھی کسی نے سچائی کو ابتداء میں قبول نہیں کیا کہ اسے لوگوں نے پاگل نہیں سمجھا- کیا موسیٰ کے ماننے والے اور مسیح پر ایمان لانے والے پاگل نہیں سمجھے گئے ؟مگر کیا آخر وہی پاگل دنیا کے راہنما نہیں بنے؟ میں اس خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اور جس پر جھوٹ بولنے والے کے متعلق تمام آسمانی کتب متفق ہیں کہ وہ ہلاک کیا جاتا ہے کہ مجھے اﷲتعالیٰ نے دکھلایا ہے کہ میں انگلستان کے ساحل سمندر پر کھڑا ہوں اور میرے ہاتھ پر انگلستان کی روحانی فتح ہوئی ہے- پس آج نہیں تو کل انگلستان مسیح موعودؑ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اسلام کی طرف لَوٹے گا۔مگر مبارک وہ ہے جو اس کام میں سب سے پہلے قدم اُٹھاتا ہے کیونکہ جو شخص حق کے قبول کرنے کے لئے آگے بڑھتا ہے دوسرے لوگ جو اس کے پیچھے آتے ہیں اس کے برابر نہیں ہوسکتے- اس کے لئے دُہرا اجر ہے ایمان لانے کا بھی اور دوسروں کے لئے محرک بننے کا بھی- پس کیا اے اہل پورٹ سمتھ! جو ساحل سمندر پر بستے ہواس اجر کو جو انگلستان کے شہروں میں سے کسی نہ کسی کے قبضہ میں آنے والا ہے لینے کے لئے تم آگے نہیں بڑھو گے- بے شک سچائی کو لوگ آہستہ آہستہ قبول کرتے ہیں مگر وہ آخر غالب آکر رہتی ہے- حضرت مسیح موعودؑ سے خدا تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ جس طرح مسیح اول کے بعد تین سوسال میں مسیحیت نے غلبہ حاصل کرلیا تھا اسی طرح تین سوسال کے اندر کے سلسلہ کو غلبہ حاصل ہوجائے گا مگر وہ غلبہ پہلے غلبہ سے زیادہ مکمل ہوگا کیونکہ اُس وقت تو مسیحیت روم کا سرکاری مذہب بناتھا لیکن اِس وقت احمدیت تمام دنیا کے قلوب پر تصرف حاصل کرے گی-