انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 164 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 164

۱۶۴ روح کو طاقت بخشتا ہے۔چوتھی عبادت حج ہے اس عبادت کی بھی اغراض روزے اور نماز سے ملتی ہیں۔یعنی اللہ تعالیٰ کے لئے اپنا وطن چھوڑنے کی عادت ڈالنی اور اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں سے الگ ہونے کا خوگر بنانا۔علاوہ ازیں قرآن کریم نے خصوصاً یہ وجہ بتائی ہے کہ اس عبادت سے شعائر اللہ کی عظمت ہوتی ہے اور ان کی یاد تازہ ہوتی رہتی ہے۔حج دراصل اس واقعہ کی یاد تازہ کرتا ہے جو ابراہیم علیہ السلام کو اپنے بیٹے اسماعیل کو جنگل میں چھوڑ دینے کے سبب سے پیش آیا۔اور دوسرے خانہ کعبہ کی نسبت قرآن کریم فرماتا ہے کہ وہ سب سے پہلا گھر ہے جو خدائے واحد کی عبادت کے لئے بنایا گیا۔پس حج میں جا کر انسان کے سامنے وہ نقشہ کھینچ جاتا ہے کہ کس طرح خدا کے لئے قربانی کرنے والے بچائے جاتے ہیں اور ان کو اللہ تعالیٰ عزت دیتا ہے اور حج کرنے والے کے دل میں خدا کا جلال اور اس کی ذات کا یقین بڑھتا ہے دوسرے وہ اپنے آپ کو اس گھرمیں دیکھ کر جو ابتدائے دنیا سے خدا تعالیٰ کی یاد کے لئے بنایا گیا ہے ایک عجیب روحانی تعلق ان لوگوں سے پاتا ہے جو ہزاروں لاکھوں سال پہلے اس روحانی سِلک میں پروئے چلے آتے رہے ہیں جس میں یہ شخص پرویا ہوا ہے یعنی خدا تعالیٰ کی یاد اور اس کی محبت کا رشتہ جو سب کو باندھے ہوئے ہے خواہ پرانے ہوں خواہ نئے۔علاوہ ازیں حج میں سیاسی فائدہ بھی ہے کہ ذی اثر لوگوں میں سے ایک جماعت سال میں جمع ہو کر تمام عالم کے مسلمانوں کی حالت سے واقف ہوتی رہتی ہے اور اخوت اور محبت ترقی کرتی ہے اور ایک دوسرے کی مشکلات سے آگاہ ہونے او رآپس کے تعاون اور ایک دوسرے کی خوبیوں کے اخذ کرنے کا موقع ملتا ہے گو افسوس ہے کہ اس وقت اس غرض سے فائدہ نہیں اٹھایا جاتا۔پانچویں عبادت قربانی ہے۔بہت لوگ اسلامی قربانی کی حقیقت کو نہیں سمجھتے اور خیال کرتے ہیں کہ قربانی کا حکم اسلام نے اس لئے دیا ہے تاکہ قربانی، قربانی کرنے والے کا گناہ اٹھا لے لیکن یہ بات درست نہیں۔اسلام ہرگز یہ تعلیم نہیں دیتا۔قربانی قرب سے نکلی ہے قربانی درحقیقت ایک نہایت لطیف عملی زبان ہے جس کے نہ سمجھنے کی وجہ سے لوگوں کو دھوکا لگا ہے۔یہ بات تو ظاہر ہی ہے کہ دنیا میں کثرت سے تصویری اور عملی زبانوں کارواج ہے اور باوجود زبانوں کے ترقی کر جانے اور علم و ادب کے کمال کو پہنچ جانے کے یہ قدیم طریق اظہار خیالات کا اب تک دنیا