انوارالعلوم (جلد 8) — Page 552
انوار العلوم جلد ۸ ۵۵۲ دورہ یورپ آرام سے سو جاتے تو آپ آدھی رات کے بعد اٹھ کر رات کی تاریکی میں اللہ تعالی کی عبادت میں مشغول ہو جاتے یہاں تک کہ بعض مرتبہ کھڑے کھڑے آپ کے پاؤں سوج جاتے۔ حضرت رسول اکرم اسلام کی تعلیم کا خلاصہ جو مذہبی تعلیم آپ دیتے تھے اسکا خلاصہ یہ تھا:۔ (1) آپ اس تعلیم کو دنیا کے سامنے پیش کرتے تھے کہ خدا تعالیٰ ایک ہے باقی جو کچھ بھی ہے خواہ فرشتے ہوں خواہ انسان سب اس کی مخلوق ہے ۔ یہ عقیدہ اللہ تعالی کی ہتک ہے کہ وہ انسانوں کے جسم میں آجاتا ہے یا اس سے کوئی اولاد ہوتی ہے یا وہ بتوں میں داخل ہو جاتا ہے وہ ان سب باتوں سے پاک ہے ۔ وہی زندہ کرتا ہے اور وہی مارتا ہے ۔ جسقدر مصلح گزرے ہیں سب اس کے بندے تھے، کسی کو الوہیت کی طاقتیں حاصل نہ تھیں ۔ سب کو اسی کی عبادت کرنی چاہیے اور صرف اسی سے دعائیں مانگنی چاہئیں۔ اسی پر اپنے تمام کاموں کا بھروسہ رکھنا چاہیئے ۔ (2) یہ کہ خدا تعالیٰ نے انسانوں کو ایک اعلیٰ درجہ کی روحانی اور اخلاقی اور تمدنی ترقیات کے لئے پیدا کیا ہے وہ ہمیشہ دنیا میں اس غرض کو جاری رکھنے کے لئے نبی بھیجتا رہا ہے اور ہر قوم میں بھیجتا رہا ہے۔ آپ اس امر کے سخت مخالف تھے کہ نبوت کو کسی ایک قوم میں محدود رکھا جاوے ۔ کیونکہ اس سے خدا تعالیٰ پر جانبداری کا الزام آتا ہے جس سے وہ پاک ہے اور دنیا کی ہر قوم کے نبیوں کی تصدیق کرتے تھے ۔ (3) آپ اس امر پر زور دیتے تھے کہ خدا تعالیٰ ہر زمانہ کی ضروریات کے مطابق اپنا کلام نازل کرتا رہا ہے ۔ اور آپ کا دعوی تھا کہ آخری زمانہ کی اصلاح کے لئے اللہ تعالٰی نے مجھے مبعوث کیا ہے اور اس بناء پر آپ قرآن کریم کو سب پہلی کتابوں سے مکمل سمجھتے تھے اور اسکی تعلیم کی طرف لوگوں کو بلاتے تھے ۔ (4) آپ کا یہ دعوی تھا کہ خدا تعالٰی اپنی ہستی کا یقین دلانے کے لئے ہمیشہ اپنے بندوں سے کلام کرتا ہے اور ان کے لئے نشان دکھاتا رہتا ہے اور آپ دعوی کرتے تھے کہ جو لوگ بھی آپ کی تعلیم پر عمل کریں گے وہ اپنے تجربہ سے ان باتوں کی صداقت معلوم کرلیں گے ۔ اور میں اپنے ذاتی تجربات کی بناء پر آپکو کہہ سکتا ہوں کہ یہ بات بالکل درست ہے ۔ اور میں نے خود بھی اسلام کے ذریعہ سے خدا تعالی کی باتیں سنی ہیں جس طرح مولتی اور مسیح کے زمانہ کے لوگ سنتے تھے اور خدا تعالیٰ نے کئی دفعہ مجھے ایسے نشان دکھائے ہیں جو انسانی طاقت سے بالا تھے ۔