انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 448 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 448

انوار العلوم جلد ۸ ۴۴۸ دورہ یورپ پیشگوئیوں اور حضرت مسیح موعود کے بعض الہامات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہودی ضرور اس ملک میں آباد ہونے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ پس میرے نزدیک مسلمان رؤسا کا یہ اطمینان بالآخران کی تباہی کا موجب ہو گا۔ مسلمانان فلسطین کو مشورہ جہاں تک میرا خیال ہے مسلمانوں کو یہودیوں اور عیسائیوں سے ایک ایسا سمجھوتہ کر لینا چاہیے جس سے یہودیوں کو اس ملک میں بسنے کا بھی موقع مل جائے اور مسلمانوں کی برتری بھی ہمیشہ کے لئے قائم رہ جائے۔ میں نے اس امر کے لئے ایک سکیم سوچی ہے۔ مگر اس کا اس جگہ پر بیان کرنا اصل مضمون سے باہر جاتا ہے۔ اس وجہ سے میں اس کو یہاں بیان نہیں کرتا۔ فلسطین کے ہائی کمشنر سے ملاقات فلسطین کے گورنر ہائی کمشنر کہلاتے ہیں۔ اصل ہائی کمشنر آج کل ولایت گئے ہوئے ہیں۔ ان کی جگہ سر گلبرٹ کلیٹن کام کر رہے ہیں ۔ میں ان سے ملا تھا۔ ایک گھنٹہ تک ان سے ملکی معاملات کے متعلق گفتگو ہوتی رہی۔ وہ انگریزی النسل ہیں اور مسلمانوں سے ہمدردی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے آئندہ ملک کی ترقی کے متعلق جو سکیم تیار کی ہے وہ میرے نزدیک بہت ہی مفید ہو سکتی ہے۔ مگر افسوس ہے کہ وہ جلدی ملازمت سے ریٹائر ہونا چاہتے ہیں ۔ ممکن ہے ان کے بعد دوسرے لوگ اس سکیم کو عمدگی سے نہ چلا سکیں۔ مسلمانوں کو عام طور پر یہ شکایت تھی کہ تعلیمی معاملات میں ہمیں آزادی نہیں۔ میں نے اس امر کے متعلق ان سے گفتگو ان سے گفتگو کی۔ اور انہوں نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ مسلمانوں کی یہ شکایت ایک حد تک بجا ہے مجھے بتایا کہ ایک دن پہلے ہی انہوں نے ایک تجویز وزارت برطانیہ کے غور کے لئے بھیجی ہے ۔ جس میں انہوں نے چاہا ہے کہ ایک سب کمیٹی بنادی جائے جس کو تعلیمی لیمی معاملات میں بہت کچھ اختیارات دے دیئے جائیں۔ سر کلیٹن صاحب کو پہلی ملاقات میں ہمارے سلسلہ سے بھی بہت دلچسپی ہو گئی۔ اور گو ہم نے دوسرے دن روانہ ہونا تھا مگر انہوں نے اصرار کیا کہ ڈیڑھ بجے ہم ان کے ساتھ کھانا کھائیں۔ چنانچہ ڈیڑھ گھنٹہ تک دوسرے دن بھی ان کے ساتھ گفتگو رہی اور فلسطین کی حالت کے متعلق بہت سی معلومات مجھے ان سے حاصل ہوئیں۔