انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 383 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 383

۳۸۳ دوره یورپ کہ فوراً سینکڑوں ہزاروں کی تعداد میں جماعت میں داخل ہو جائیں۔غیر معمولی تغیرات خدا کی مشیّت کے ماتحت ہوتے ہیں میں اس امر کا منکر نہیں کہ ایسے غیر معمولی تغیرات بھی ہوتے ہیں مگر وہ کسی انسان کی صحبت یا کسی لیکچر سے نہیں ہوتے بلکہ خدائے قادر کے زبردست ہاتھ سے ہوتے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام دہلی اور لاہور اور لدھیانہ کئی کئی ہفتے رہے مگر وہاں کوئی اثر نہ ہوا لیکن جہلم کا سفر جو ایک مقدمہ کی وجہ سے پیش آیا تھا اس سے پہلے خدا تعالی کی طرف سے الہام ہوا کہ تُواس سفرمیں خدا کی نصرت دیکھے گا اور تین دن کے سفر میں گیارہ سو آدمیوں نے بیعت کی۔پس ایسے تغیرات تو پیدا ہوتے ہیں مگر وہ اللہ تعالیٰ کی مشیّت سے ہوتے ہیں نہ کہ کسی بڑے یا چھوٹے انسان کے جانے سے اور ہم اللہ تعالیٰ کی مشیت پر حاکم نہیں کہ خودہی فیصلہ کر لیں کہ وہ ضرور یوں ہی چاہے گا اس لئے ہمیں فلاں کام کر لینا چاہئے۔پس ہمیں اس امید پر بھی اپنے مشورہ کی بنیاد نہیں رکھنی چاہئے۔اگر اللہ تعالیٰ کی یہ مشیّت ہے کہ وہ اس وقت کوئی نشان د کھائے تو خود بخود کفر کی دیواریں ٹوٹنی شروع ہو جائیں گی ورنہ بظا ہر حالات چند ہفتوں کی رہائش میں ایک شخص کا ہدایت پا جانا بھی ایک بہت بڑا کام معلوم ہوتا ہے۔مغربی ممالک میں عظیم الشان تغیر ہو گا اس میں کوئی شک نہیں کہ خدا تعالی کا منشاء مغربی ممالک میں کوئی عظیم الشان تغیر پیدا کرنے کا ہے رسول کریم ﷺ کی پیشگوئی مغرب سے سورج کے نکلنے کی اس پر دلالت کرتی ہے۔حضرت مسیح موعود ؑکی رؤیا کہ مغربی ممالک کے لوگ اس جماعت میں خاص طور پر داخل ہوں گے اس پر شاہد ہے اور میں نے بھی دو رؤیا دیکھی ہیں جن کو میں اس تجویز سے بہت پہلے سنا چکا ہوں وہ بھی مغرب میں ہماری فتح پر دلالت کرتی ہیں۔تغیرات یورپ کے متعلق ایک رؤیا چنانچہ پہلی رؤیا تو کوئی تین چار سال کی ہے یا اس سے بھی زیادہ عرصہ کی ہے میں نے اسی وقت قادیان کے دوستوں کو سنادیا تھا۔اس رؤیا میں میں نے دیکھا کہ میں لنڈن میں ہوں اور ایک ایسے جلسہ میں ہوں جس میں پارلیمنٹ کے بڑے بڑے ممبر اور نواب اور وزراء اور دوسرے بڑے آدمی ہیں۔ایک دعوتی قسم کا جلسہ ہے اس میں میں بھی شامل ہوں مسٹر لائیڈ جارج ۲؎ سابق وزیراعظم اس میں تقریر کر رہے ہیں۔تقریر کرتے کرتے ان کی حالت بدل گئی اور انہوں نے ہال