انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page xxxiv of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page xxxiv

۲۷ تختہ جہاز پر لیڈی لٹن سے گفتگو لندن سے واپسی پر حضور جس جہاز میں سفر کر رہے تھے اس جہاز میں تھیو سائیکل سوسائٹی انگلستان کی صدر لیڈی لٹن صاحبہ اپنی بچیوں اور چند مدراسی طلباء کے ساتھ ہندوستان آ رہی تھیں۔ ان کی درخواست پر ۱۳۔ نومبر ۱۹۲۴ء کو ساڑھے پانچ بجے شام حضور سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ان کے ساتھ تین طالبعلم بھی تھے جب کہ حضور کے ساتھ اس مجلس میں حضرت حافظ روشن علی صاحب حضرت مولوی عبدالرحیم نیر صاحب، حضرت چوہدری ظفر اللہ خان صاحب اور حضرت یعقوب علی صاحب عرفانی کو شامل ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ اس موقع پر جو گفتگو ہوئی وہ حضرت عرفانی صاحب نے سوال و جواب کی صورت میں مرتب فرماکر الفضل ۱۳ دسمبر ۱۹۲۴ء میں شائع کروادی۔ اس ملاقات میں حضور نے اختصار کے ساتھ مؤثر رنگ میں لیڈی لٹن صاحبہ اور ان کے ساتھیوں کو پیغام حق پہنچایا نیز سلسلہ عالیہ احمدیہ کے بارہ میں معلومات بہم پہنچائیں۔ سفر یورپ میں غیر معمولی کامیابی ۲۴ نومبر ۱۹۲۴ء کو قادیان واپسی پر اہل قادیان کی طرف سے سپاس نامہ کے جواب میں حضور نے شکریہ ادا کرنے کے بعد فرمایا۔ اللہ تعالیٰ نے میرے دل میں جماعت کی وہ محبت رکھی ہے کہ اسے باپ کی محبت سے نسبت نہیں دی جا سکتی کیونکہ یہ محبت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی محبت کا ظل ہے۔" حضور نے فرمایا اس سفر سے ایک عظیم الشان فائدہ یہ ہوا ہے کہ ہم نے اپنے قلوب کو پڑھا ہے اور اس طرح پڑھا ہے جس طرح پہلے کبھی نہیں پڑھا تھا اور اس مطالعہ سے ہمارے ایمان میں بھی ترقی ہوئی ہے اور جماعت کے اتحاد میں بھی۔ حضور نے احباب کو اپنے حالات سفر سناتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ دمشق میں جہاز کا ڈاکٹر میری طرف دیکھ کر کہنے لگا " مسیح اور اس کے بارہ حواری" اس سفر کے نتائج و برکات بیان کرتے ہوئے آپ نے فرمایا ۔