انوارالعلوم (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 122 of 714

انوارالعلوم (جلد 8) — Page 122

۱۲۲ ممتاز طور پر آج کل دنیا میں نظر آتی ہے کہ ایک طرف تو حب الوطنی کے جذبات اس قدر ترقی پر ہیں کہ ان کے اثر کے ماتحت تمام اقوام کا اندرونی انتظام پہلے زمانوں کی عام حالت سے بدرجہا اچھا ہے اور وہ جھگڑے اور لڑائیاں اور لوٹ مار جو پہلے زمانوں میں ملکوں میں ہوتی تھی اب دنیا کے بیشتر حصہ سے مفقود ہے مگر اس کے مقابلہ میں بین الاقوام تعلقات بالکل خراب ہیں اور ہر قوم دوسری قوم سے خائف و ترسان ہے اور قومی حسد انتہاء کو پہنچ گیا ہے۔ان کے علاوہ مسلمانوں میں آنے والے موعود کی نسبت نہایت تفصیل سے پیشگوئیاں موجود ہیں وہ سب اپنے اپنے رنگ میں پوری ہو چکی ہیں۔مثلاً یہ کہ اس موعود کی پیدائش کے زمانہ میں ایک نئی سواری ایجاد ہو گی جس کے سبب سے اونٹ ترک کر دئیے جائیں گے چنانچہ ریل ایجاد ہو چکی ہے اور ایسی ایجاد ہو گی کہ تمام دنیا کی خبر ایک آن میں سنی جا سکے گی۔چنانچہ تار ایجاد ہو چکی ہے۔پھر لکھا تھا اس وقت عورتیں زیادہ ہو جائیں گی اور تجارتی کاروبار میں سے چیزوں کے فروخت کرنے کا کام عورتوں کے سپرد ہو گا۔اور عورتوں کے لباس ایسے ہوں گے کہ ان کا جسم کا وہ حصہ جسے پہلے لوگ بھی خواہ وہ عورتوں کے پردہ کے قائل نہ تھے پردہ کے قابل سمجھا کرتے تھے ننگا نظر آئے گا۔اور اس وقت تین بڑی حکومتیں تین بڑی حکومتوں سے لڑیں گی اور تین جو فاتح ہوں گی قسطنطنیہ پر قبضہ کر لیں گی لیکن ایک شخص قسطنطنیہ سے بھاگ کر شام کی طرف چلا جائےگا اور وہاں سے جنگ کر کے اپنے علاقہ کو واپس لے لے گا۔اسی طرح لکھا تھا کہ اس وقت نصاریٰ کو دیگر اقوام پر غلبہ ہو گا اور ملک عرب دوسرے صوبوں سے الگ ہو جائے گا اور عراق اور شام اور مصر کی حکومتیں الگ قائم ہو جائیں گی اور ایک قوم مہینوں کو چھوٹا کر دے گی۔اسلامی شریعت کی مقرر کردہ حدود ترک کر دی جائیں گی۔جؤا کثرت سے پھیل جائے گا پولیس کثرت سے مقرر ہو گی۔عورتوں میں مردوں کے لباس کا رواج ہو جائے گا۔مزدوروں کی حکومت ہو گی۔امراء غرباء کے لئے اپنے مالوں کی زکوٰۃ نکالنے کو بوجھ خیال کریں گے، اسلامی حکومتیں مٹ جائیں گی، عرب کی دینی حالت بہت خراب ہو جائے گی، بے جان چیزیں بولیں گی، جس سے فونو گراف وغیرہ کی ایجاد کی طرف اشارہ ہے، ایسی سواریاں دریافت ہوں گی جو اس سے پہلے دنیا میں موجود نہ تھیں جس سے ہوائی جہاز وغیرہ کی طرف اشارہ ہے۔دو سمندروں کے درمیان ایک خشکی جس کے ایک طرف مونگا پایا جاتا ہے اور دوسری طرف موتی، اس کو پھاڑ کر دونوں سمندروں کو ملا دیا جائے گا اور اس میں سے کثرت