انوارالعلوم (جلد 7) — Page 565
۵۶۵ آپ ؑکو بتایا کہ آپؑ ہی مسیح موعود ہیں اور پہلے مسیح فوت ہو چکے ہیں اس دعوے پر وہ لوگ بھی جو اس وقت تک آپ کے ساتھ تھے جدا ہو گئے اور کل چالیس آدمیوں نے آپ کی بیعت کی` اس وقت گویا عملاً ساری دنیا سے جنگ شروع ہو گئی اور جو لوگ پہلے مددگار تھے انہوں نے بھی مخالفت میں اپنا زور خرچ کرنا شروع کر دیا- اب تو اخراجات اندازے سے زیادہ بڑھنے شروع ہو گئے ایک تو مخالفوں کے اعتراضات کے جواب شائع کرنا- دوسرے اپنے دعویٰ کو لوگوں کے سامنے پیش کرنا اور اس کے دلائل دینا تیسرے چھوٹے چھوٹے اشتہارات تقسیم کرنا تاکہ تمام ملک کو آ پؑ کے دعوے پر اطلاع ہو جائے یہی اخراجات بہت تھے مگر اللہ تعالیٰٰ نے اپنی قدرت کے اظہار کے لیے اور اخراجات کے دروازے بھی کھول دئیے یعنی آپ کو حکم دیا گیا کہ آپؑ قادیان میں مہمان خانہ تعمیر کریں اور لوگوں میں اعلان کریں کہ وہ قادیان آکر آپؑ کے مہمان ہوا کریں اور دینی معلومات کو زیادہ کیا کریں یا اگر کوئی شکوک ہون تو ان کو رفع کیا کریں` سب مددگاروں کا جدا ہو جانا اور اشاعت کے کام کا وسیع ہو جانا اور پھر اس پر مزید بوجھ مہمان خانے کی تعمیر اور مہمان داری کے اخراجات کا ایسی مشکلات کے پیدا کرنے کا موجب ہو سکتا تھا کہ سارا کام درہم برہم ہو جاتا` مگر اللہ تعالیٰ نے ان چند درجن آدمیوں کے دل میں جو آپ کے ساتھ تھے اور جن میں سے کوئی شخص بھی مالدار نہیں کہلا سکتا تھا اور اکثر مسکین آدمی تھے ایسا اخلاق پیدا کر دیا کہ انہوں نے ہر قسم کی تکلیف برداشت کی` لیکن دین کے کام میں ضعف نہ پیدا ہونے دیا اور درحقیقت یہ ان کی ہمت کام نہیں کر رہی تھی بلکہ اللہ تعالیٰٰ کا وعدہ الیس اللہ بکاف عبدہ کام کر رہا تھا- یہ وہ زمانہ تھا جب کہ احمدی جماعت پر چاروں طرف سے سختی کی جاتی تھی- مولویوں نے فتوی دے دیا کہ احمدیوں کو قتل کر دینا- ان کے گھروں کو لوٹ لینا` ان کی جائدادوں کا چھین لینا- ان کی عورتوں کا بلا طلاق دوسری جگہ پر نکاح کر دینا جائز ہی نہیں موجب ثواب ہے اور شریر او بدمعاش لوگوں نے جو اپنی طمع اور حرص کے اظہار کے لیے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں` اس فتوے پر عمل کرنا شروع کر دیا` احمدی گھروں سے نکالے اور ملازمتوں سے برطرف کئے جا رہے تھے ان کی جائیدادوں پر جبرا قبضہ کیا جا رہا تھا اور کئی لوگ ان مخمصوں سے خلاصی کی کوئی صورت نہ پاکر ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے تھے اور چونکہ ہجرت کی جگہ ان کے لیے قادیان ہی تھی` ان کے قادیان آنے پر مہمان داری کے اخراجات اور بھی ترقی کر گئے تھے- اس وقت جماعت