انوارالعلوم (جلد 7)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 81 of 663

انوارالعلوم (جلد 7) — Page 81

۸۱ نجات اگر کوئی شخص ادنیٰ تدبر سے کام لے تو اسے معلوم ہو جائے گا کہ قرآن کی یہ تفریق درست ہے کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ خدا تعالی ٰکی رؤیت اور اس کا لقاء محض یقین سے نہیں ہوتا بلکہ بعض خاص روحانی طاقتوں کے حصول سے ہوتا ہے۔خدا تعالیٰ پر کامل یقین رکھنے والے ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں لوگ موجود ہیں لیکن ان کو وہ برکات نہیں ملتیں جن کی اس مذہب کی طرف سے امید دلائی جاتی ہے۔ان تمام مذاہب میں سچامذہب بھی ہے اس کے پیروؤں کا بھی یہی حال ہے یہ فرق کیوں ہے؟ اس لئے کہ صرف یقین ہو جانے سے کسی کام کے کرنے کی قابلیت نہیں حاصل ہو جاتی قابلیت اسی وقت پیدا ہوتی ہے جب کہ آہستہ آہستہ اس یقین کے متعلق انسان اپنے اعمال کو بتاتا ہے پھر اس کو ایک خاص نور عطا ہوتا ہے جس سے وہ خدا تعالیٰ کا چہرہ دیکھتاہے۔پس خالی یقین سے انسان میں قابلیت نہیں پیدا ہو جاتی۔جس طرح کہ ایک آنکھ کے بیمار کو یہ یقین کہ اس کی آنکھ بیمار ہے گو علاج کی طرف تو توجہ دلادے گا لیکن اس سے اس کی آنکھ اچھی نہیں ہو جائے گی۔اسی طرح ایک شخص جو اس دنیا میں اپنی روحانی قابلیت کھو بیٹھا ہے اس کو یہ یقین کہ خدا تعالی ٰکی طرف سے جو کلام نازل ہو اتھادرست تھا اپنے علاج کی طرف متوجہ کردے گامگراس میں خدا تعالیٰ کو دیکھنے اور اس کے فضلوں کو محسوس کرنے کی قابلیت نہیں پیدا کرے گا۔یہ قابلیت ایک لمبے عرصہ تک دوزخ میں رہنے کے بعد اور پرانے زنگوں کے جل جانے اور متواتر الله تعالیٰ کی صفات پر غور کرنے اور ان کے اثر کو اپنے اندر قبول کرنے کے بعد پیدا ہوگی اور اسی کا نام عرفان ہے۔یعنی پہچان لینا۔عدل کا لفظ لغت میں کیوں آیا؟ دوسرا اعتراض یہ کیا جاتا ہے اگر دوزخ علاج ہے تو یہ رحم ہو گا اور اس طرح سزا بھی رحم ہو گئی پھر عدل کا لفظ کہاں سے لغت میں آیا ہے؟ ہم کہتے ہیں یہ بھی ان لوگوں کو دھوکالگا ہے۔اول یہ دعوی کہ عدل کالفظ چو نکہ لغت میں آیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ خدا بھی عدل کرے یہ غلط ہے کیا ہرلفظ خدا تعالیٰ کے متعلق بنایا گیا ہے؟ اگر یہ درست ہے تو زنا‘ جھوٹ، فریب وغیرہ الفاظ کہاں سے بن گئے ہیں؟ اسی طرح کیاخدا ظلم کرتا ہے کہ یہ لفظ لغت نے وضع کیا ہے ؟ چونکہ یہ کام بندے کرتے ہیں اس لئے یہ الفاظ پیدا ہو گئے ہیں۔دوم - عدل کے یہ معنی نہیں ہیں کہ کسی کو اس کے اعمال کے مطابق ضرور سزادی جائے بلکہ