انوارالعلوم (جلد 7)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 499 of 663

انوارالعلوم (جلد 7) — Page 499

۴۹۹ آپ کے گھر کی دائیں طرف والے ملحق گھر میں بھی موتیں ہوئیں اور بائیں طرف کے گھر میں بھی موتیں ہوئیں- لیکن آپ کا گھر جس میں سو سے زیادہ آدمی رہتے تھے اور نشیب کے حصہ میں واقع ہونے کے سبب سے صحت افزا جگہ پر بھی نہیں کہلا سکتا- نہ صرف یہ کہ اس میں کوئی موت نہیں ہوئی بلکہ کوئی چوہا بھی اس میں مبتلا نہیں ہوا- حالانکہ طاعون جب کسی گاؤں میں پڑے تو چوہے فورا مرنے شروع ہو جاتے ہیں یہ ایک عجیب نشان ہے اور صاحب دانش کے لیے موجب تسلی- اگر ملائکہ آپ کی تائید نہیں کر رہے تھے تو پھر کیا چیز تھی جو امور طبیعہ کو جو حاکموں اور بادشاہوں کے قبضہ میں بھی نہیں ہوتے- آپ کی تائید اور غلامی میں لگائے ہوئے تھی- بڑے بڑے ڈاکٹر جو رات دن طبی احتیاطوں سے کام لے رہے تھے طاعون کا شکار ہوتے تھے- شہروں سے باہر صاف محلات میں رہنے والے اس کی گرفت سے بچ نہیں سکتے تھے- ٹیکا کرانے والے بھی محفوظ نہ تھے مگر آپ ؑکے گھر کے لوگ بلا کسی ظاہری سبب کے بلا علاج کے- بلا حفضان صحت کے سامانوں کی موجودگی کے- بلا آبادی سے باہر جانے کے- اس وباء کے حملے سے محفوظ رہتے` بلکہ جانور تک اس کے اثر کو قبول نہ کرتے` حالانکہ گھر کے ساکنین بہت بڑی تعداد میں تھے- بلکہ طاعون کے دنوں میں اور بہت سے لوگ بھی درخواست کر کے گھر کے اندر آجاتے تھے- اگر قادیان میں طاعون نہ آتا` یا اگر قادیان میں طاعون آتا مگر آپ کے گھر کے اردگرد نہ آتا تو کہا جا سکتا تھا کہ اتفاق تھا مگر قبل از وقت یہ بات شائع کر دینے کے بعد کہ ملائکتہ اللہ آپ کی تائید میں ہیں اور طاعون کو اپنی غلامی کا طوق پہنائے ہوئے ہیں- طاعون کا قادیان میں آنا- پھر آپ کے گھر کے اردگرد آنا` مگر آپ کے گھر میں کسی آدمی یا جانور کا بھی اس سے متاثر نہ ہونا ایک زبردست ثبوت ہے اس بات کا کہ ملائکہ کو آپ کی فرمانبرداری کا حکم دیا گیا تھا اور وہ آپ کی حفاظت پر مامور تھے- اس وجہ سے وہ اسباب طبعیہ بھی جو ان کے زیر انتظام تھے آپ کی نصرت میں لگے ہوئے تھے- امور طبعیہ کا اس طرح آپ کی تائید کرنا بہت سے واقعات سے ثابت ہوتا ہے مگر میں سمجھتا ہوں کہ اس کی مزکورہ بالا چند مثالیں کافی ہونگی اور ان سے اس قسم کے معجزات کی حقیقت آپ پر روشن ہو جائے گی اور آپ معلوم کر سکیں گے کہ اس قسم کی تائید جن کو حاصل ہو وہ مفتری اور کاذب ہرگز نہیں ہو سکتے-