انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 461 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 461

بے کیف پانی اس کے اشارہ پر شراب سے زیادہ دماغ کو مست کرنے والا ہوجاتا ہے۔یہ تحفہ کیا ہے؟ یہ وہی ہدایت ہے جو خدا کے برگزیدوں کی معرفت آدمؑسے لے کر اب تک دنیا کو ملتی رہی ہے اور جس کےذریعہ سے نوحؑنے اپنے دشمنوں پر فتح پائی اور موسٰی نے فرعون مصر کوغرق کیا اوربنی اسرائیل کو مصر کی سرزمین سے نکال لایا اور دائودؑنے جنگل کے درندوں اور ہوا کے پرندوں کو اپنا ہمنوا بنایا اور یُسوع مسیحؑنے روح القدس کو اپنی طرف کھینچااور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ السلام نےجلا وطن ہونے کے بعد اپنے مخالفوں کو زیر کیا اور طاقت پاکر اپنے دشمنوں کو معاف کیا اور بادشاہ ہوکر غریبوں ،مسکینوں اور ناداروں کی سی زندگی بسر کی اوراپنی عمر کو ان کی خدمت میں صرف کردیا جو دنیا میں چھوٹے سمجھے جاتے تھے مگر خدا کی نظر میں ایسے ہی معزز تھے جیسے کو زبردست سے زبردست بادشاہ۔اے مکرم شہزادہ ! مگر پیشتر اس کے کہ مَیں اس تحفہ کو آپ کی خدمت میں پیش کروں بہتر معلوم ہوتا ہے کہ مَیں آپ کو بتادوں کہ اس تحفہ کے پیش کرنے والے نہ تو کوئی معمولی آدمی ہیں اور نہ ان کا اس تحفہ کو پیش کرنا کسی دنیوی غرض کو مد نظر رکھ کر ہے۔کیونکہ یہ تحفہ اس جماعت کی طرف سے پیش ہوا ہے جو اپنے طریق عمل سے اس امر کو ثابت کرچکی ہے کہ وہ اس وقت تمام حکومت برطانیہ میں سب سے زیادہ وفادار ہے اور سب سے زیادہ بے غرض ہے۔اگر عزت اور وقار کا صرف دولت ہی معیار نہیں ہے بلکہ صادق اور راست باز دل بھی کوئی قدر رکھتا ہے تو پھر میں کہہ سکتا ہوں کہ آپ کے والد مکرم کی رعایا میں سے سب سے زیادہ معزز اور مکرم جماعت کی طرف سے یہ تحفہ آپ کی خدمت میں پیش ہوتا ہے۔بیشک اس کی جبیں سونے اور چاندی کے سکّوں سے خالی ہیں مگر کون کہہ سکتا ہے کہ انسان صرف سونے اور چاندی سے ہی مادار ہوتا ہے؟ انسان خدا کے کلام سے بھی بلکہ خدا کے کلام سے ہی مالدار بنتا ہے۔بے شک اس کے نام معزز القاب سے خالی ہیں مگر کیا بندوں کے دئیے ہوئے خطابوں سے خدا کے دئیے ہوئے القاب زیادہ عزت نہیں رکھتے بلکہ حقیقتاً تمام عزتوں کا موجب وہی نہیں ہوتے؟ ہاں۔بے شک اس کے قبضہ میں وسیع جائدادیں اور زرخیز علاقے نہیں ہیں مگر خدا پر ایمان لانے والے کے دل سے زیادہ وسیع کون سا ملک ہے؟ اور خدا تعالیٰ کے عشق میں چُور ہونے والے کے دماغ سے زیادہ کونسا زرخیز علاقہ ہے؟ بیشک جو تحائف خوش آمدید آپ کو پہلے مل چکے ہیں وہ بہت بڑے بڑے لوگوں کی طرف سے تھے مگر میں سچ سچ کہتا ہوں کہ وہ جو آسمان کی بادشاہت میں سب سے چھوٹے ہیں وہ