انوارالعلوم (جلد 6)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 335 of 603

انوارالعلوم (جلد 6) — Page 335

ہوسکتا ہے کہ اس مقدمہ میں مَیں جیت جاؤں اور مَیں صرف اسی صورت میں اسے مان سکتا ہوں تو خدا تعالیٰ کس کے مطالبہ کو پرا کرے اگر ایک کے مطالبہ کو پورا کرے تو دوسرا نہ مانے گا یا مثلاً گذشتہ جنگ میں ہی جرمن کہتے کہ اگر خدا نے ہمیں فتح دی تو ہم اسے مان لیں گے۔ادھر انگریز کہتے کہ اگر خدا نے ہمیں فتح دی تو ہم اسے مان لیں گے۔اب فتح تو ایک فریق کو ہی ہوسکتی تھی۔اس لئے دوسرا فریق انکار پر قائم رہتا۔پس اس طرح اگر خدا کا ثبوت طلب کرنا درست ہوتو یم سے کم آدھی دنیا کے لئے تو ہدایت کا کوئی راستہ باقی نہیں رہتا۔چور کہتے کہ اگر ہمیں چوری میں کامیابی نہ ہوئی ہم سمجھیں گے کہ خدا کوئی نہیں۔ادھر مال والے کہتے اگر ہماری چوری ہوئی تو ہم خدا کے وجود کے ہرگز قائل نہ ہوں گے اگر کوئی خدا ہے تو اسے چاہیے کہ ہمارے اموال کی حفاظت کرے یہی حال دوسری باتوں میں ہوتا اور اس طرح قانون قدرت بالکل تباہ ہوجاتا۔اگر کہو کہ خدا کسی ایک کو ہی اس طرح ثبوت دے دیتا۔تو باقی لوگ مان لیتے ہم کہتے ہیں۔اگر یہ بات ہے تو کیا وجہ ہے کہ جو ثبوت خدا تعالیٰ نے دئیے ہیں تم ان کے یقینی ہونے کے باوجود ان کو نہیں مانتے اگر تمہاراحق ہے کہ جو تمہارے مطالبے کے سوا ثبوت دئیےجائیں انہیں رد کر دو تو کیوں یہی حق دوسروں کو حاصل نہیں اور اگر سب کو یہی حق حاصل ہو تو نتیجہ وہی نکلے گا جو اورپر بیان ہوچکا ہے اور بجائے ایمان کی ترقی کے بے دینی اور کفر ترقی کرے گا۔خدا کو ماننے والوں کے اخلاق غرض خدا تعالیٰ کے نشانات کا مشاہدہ ہوسکتا ہے۔مگر اس کے منشاء کے ماتحت ہوسکتا ہے۔یہ ہمارا حق نہیں کہ ہم ان نشانات کی تعیین کریں جن کے ذریعہ سے وہ اپنی چہرہ نمائی کرے۔ایک اور اعتراض بھی خدا تعالیٰ کی ہستی پر کیاجاتا ہے اور وہ یہ ہےکہ خدا کو ماننے والے کہتے ہیں کہ خدا کے ماننے سےاعلیٰ اخلاق پیدا ہوتے ہیں مگر اس کے برخلاف دیکھایہ جاتا ہے کہ سب بدتراخلاق خدا کو ماننے والوں کے ہوتے ہیں۔یورپ کےدہریے بھی ایشیاءکے دہریے بھی یہی اعتراض کرتے ہیں۔ہندوستان والے کہتے ہیں کہ خدا کو زیادہ ماننے والے مسلمان ہیں۔اگر جیل خانوں میںجاکر دیکھو تو سب سے زیادہ مسلمان ہی قیدی نظر آئیں گے۔اس طرح ہندو اور مسیحی بھی خدا کو مانتے ہیں ان کو بھی کافی تعداد جیل خانوں میں سڑ رہی ہے۔اس کا جواب یہ ہے کہ اخلاق کی خرابی خدا کے ماننے کا نتیجہ نہیں بلکہ خدا کو نہ ماننے کا نتیجہ ہے کسی شخص کا صرف منہ سے کہنا کہ مَیں خدا کو مانتا ہوں مفید نہیں ہوسکتا۔کیا کونین کونین منہ سے کہنے