انوارالعلوم (جلد 6) — Page 85
آئینہ صداقت (تحریر فرمودہ دسمبر ۱۹۲۱ء) مولوی محمد علی صاحب کی کتاب دی سپلٹ THE SPLIT مولوی محمد علی صاحب کی طرف سے ایک کتاب سپلٹ نامی حال ہی میں شائع ہوئی ہے۔جو انہوں نے اس امر کے متعلق تحریر کی ہے کہ جماعت احمدیہ میں کیا اختلاف ہے۔یہ کتاب عام طور پر ہندوستان کے ایسے علاقوں میں کہ جہاں اُردو نہیں سمجھی جاتی یا ہندوستان سے باہر ایسے مقامات پر کہ جہاں سلسلہ احمدیہ پھیلنا شروع ہوا ہے شائع کی گئی ہے اور اس کی غرض ان کی تحریر سے یہ معلوم ہوتی ہے کہ وہ احمدیہ جماعت سے اپیل کریں کہ وہ ایک دفعہ متفقہ طاقت سے بقول ان کے ان بد خیالات کو مٹا ڈالے جو میری طرف سے شائع کئے جاتے ہیں۔چنانچہ وہ خود اس کتاب کے صفحہ ۷۶پر لکھتے ہیں۔"I appeal to the good sense and moral courage of the Ahmadiyya community to denounce these false doctrines with one voice before they take root like the false doctrines attributed to the Messiah" ۱ اشاعت سپلٹ کی وہ غرض نہیں جو بتائی گئی ہے مگر میرے نزدیک اس کتاب کی تصنیف سے ان کی یہ غرض نہیں اور اس تحریر کو پڑھتے ہی ہر ایک عقلمند انسان اسی نتیجہ پر پہنچے گا۔کیونکہ جو لوگ ابتداء حضرت مسیح موعودؑ پر ایمان لائے اور جن کے ملک میں آپؑ پیدا ہوئے اور جن کو آپؑ کی صحبت میں بیٹھنے کا موقع ملا اور