انوارالعلوم (جلد 6) — Page 519
کی شادی کا انتظام کرتا ہوا ہلاک ہوا۔اس کی موت پر آپؑ کے دشمنوں نے لکھا کہ مولوی سعد اللہ کا بچہ چونکہ موجود ہے اس لئے آپ کی پیشگوئی جھوٹی نکلی آپ نے لکھا کہ یہ لڑکا تو پیشگوئی سے پہلے ہی موجود تھا اس پیش گوئی کا اس لڑکے کے متعلق تو یہ اثر ہوگا کہ اس کے اولاد نہ ہوگی۔چنانچہ ایسا ہی ہوا وہ بھی بے اولاد ہے اور اللہ تعالیٰ کی طاقت اور قدرت کا ثبوت دے رہا ہے اور ثابت کر رہا ہے کہ خدا نسلوں کی زیادتی اور کمی پر بھی قبضہ رکھتا ہے۔زیادتی نسل کی مثال خود آپ ؑ کی اولاد ہے کہ جس کی نسبت کثرت سے آپ کو الہامات ہوئے تھے۔اسی طرح اور بہت سے لوگ جن کے اولاد نہ ہوتی تھی یا ہوکر مرجاتی تھی ان کے متعلق آپ کی دُعائیں قبول ہو کر ان کو اولاد ملی۔آٹھواں معجزہ: تقسیم بنگال آپ کے معجزات میں سے آٹھویں مثال کے طور پر ہم آپ کی وہ پیش گوئی پیش کرتے ہیں جو آپ نے تقسیم بنگالہ کے متعلق کی جب تقسیم بنگالہ ہوئی اور بنگالیوں نے اس پر شور مچایا اورگورنمنٹ نے ان کی فریاد پر کان نہ دھرے تو آپ کو اللہ تعالیٰ نے بتایا کہ :- ’’پہلے بنگالہ کی نسبت جو کچھ حکم جاری کیا تھا تھا اب ان کی دلجوئی ہوگی۔‘‘ (تذکرہ صفحہ ۵۹۶ و صفحہ ۶۶۴ ایڈیشن چہارم) یہ الہام ۱۱ ؍فروری ۱۹۰۶ء کو ہوا اور اسی وقت کئی اخباروں اور رسالوں میں شائع کردیا گیا۔یہ زمانہ جیسا کہ اے شہزادہ والا جاہ ! آپ جانتے ہوں گے وہ تھا جبکہ گورنمنٹ اپنی پالیسی پر مُصر تھی اور اپنے حکم کو واپس لینے کے لئے ہرگز تیار نہ تھی۔بنگالی اپنا زور لگا چکےتھے مگر ان کی تمام کوششیں اکارت جاچکی تھیں۔اور آخر وہ مایوس ہوکر بجائے تقسیم بنگالہ کے حکم کو بدلوانے کے اس امر پر امادہ ہوگئےتھے کہ گورنمنٹ کو نقصان پہنچائیں اوربڑے بڑے ماہرین سیاست اس امر کا اعلان کررہے تھے کہ گورنمنٹ سے غلطی ہوئی ہے مگر اب اس حکم کو طے شدہ سمجھنا چاہئے اور زیادہ شور کرنا فضول ہے۔حتّٰی کہ جس وقت یہ پیشگوئی شائع ہوئی اس وقت بعض بنگالی اخبارات نے ہی لکھا کہ ہم بنگالی تو مایوس ہوچکے ہیں اور یہ شخص اس قسم کی باتیں لکھتا ہے۔مگر خدا تعالیٰ کے بھیدوں کو کون سمجھ سکتا تھا وہ ان لوگوں کی امیدوں کے خلاف جو بنگال کے رہنے والے تھے اور جن کو شکایت تھی اوران لوگوں کے ارادوں کے خلاف جن کے ہاتھ میں بظاہر اختیار تھا اپنے رسول کوبتا رہا تھا کہ بنگالیوں کی دلجوئی ہوجائے گی۔اس الہام کے شائع ہونے کے بعد بھی متواتر یہ سوال پارلیمنٹ میں آیا گورنمنٹ سے متواتر