انوارالعلوم (جلد 6) — Page 470
آسمان سے اُترے گا۔اب ہر شخص جو ان علامات پر غور کرے گا معلوم کرلے گا کہ یہ سب کچھ واقع ہوگیا۔طاعون بھی پڑی اور ایسی پڑی کہ اس سے پہلے دنیا میں کبھی ایسی سخت ہلاک کردینے والی طاعون اور اس قدر وسیع علاقہ میں نہ پڑیں تھی۔زلزلے ایسے سخت آئے کہ ان کی نظیر کسی پچھلے زمانہ میں نہیں ملتی۔قحط باوجود نہروں کے جاری ہونے اور ریل اور دُخانی جہازوں کے نکل آنے کے ایسے سخت پڑے ہیں کہ دنیا کی زندگی کو انہوں نے بد مزہ کردیا ہے۔روز بروز اجناس مہنگی ہی ہوتی چلی جارہی ہیں۔فساد اس قدر پھیلا ہوا ہے کہ بھائی بھائی کو نہ صرف پکڑواتا بلکہ اس پکڑے جانے خوش ہوتا ہے اور یہ سب علامیں ایسی وضاحت سے پوری ہوگئی ہیں کہ ان کے متعلق کسی کو بھی شبہ نہیں۔ہاں سورج اورچاند کے اندھیرے ہونے اور ستاروں کے گرنے اور آسمانی قوتوں کے ہل جانے کے نشانات ایسے معلوم ہوتے ہیں کہ گویا ابھی پورے نہیں ہوئے۔مگر ہر ایک جو آسمانی نوشتوں پر فکر کرنے کا عادی ہے اور خدا کے قانون کو بھی سمجھتا ہے جانتا ہے کہ ان الفاظ کے کیا معنی ہیں؟ کیونکہ وہ دیکھتا ہے کہ اگر سُورج واقعہ میں اندھیرا ہوجائے گا تو پھر اس دُنیا میں بسنے کی انسان کے لئے کوئی صورت نہ ہوگی اس کی زندگی سورج کی روشنی پر منحصر ہے اور سورج کے اندھیرے ہوجانے سے اس دنیا پر انسانی زندگی کا خاتمہ ہوجاتا ہے اور اسی طرح اگر ستارے گر جائیں تو ساتھ ہی یہ دُنیا بھی تباہ ہوجائے کیونکہ یہ تمام عالم ایک دوسرے سےپیوستہ ہے اور ایک کا قیام دوسرے کے قیام کا موجب ہے اور اگر آسمانی قوتیں ہلجائیں تو پھر تو انسان چھوڑ فرشتوں کے لئے بھی کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا۔مگر حضرت مسیح علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اس واقعہ کے بعد ابن آدم نیکو کاروں کو دنیا کی میراث سونپ دے گا اور شریروں سے حکومت چھین لےگا لیکن سورج چاند کے فی الواقع اندھیرا ہوجانے اور ستاروں کے گر جانے سے تو دنیا ہی تباہ ہوجاتی ہے اور مسیحؑکا نزول اور نیکو کاروں کا دنیا کی میراث لینا بالکل ناممکن ہوجاتا ہے۔پس ضرور ہے کہ جس طرح آسمانی نوشتوں کا قاعدہ ہے اس پیشگوئی کے الفاظ کے نیچے کوئی اور مطلب پوشیدہ ہو اور وہ یہی ہے کہ اس زمانہ میں سورج اور چاند کو گرہن لگے گا اور آسمان سے کثرت سے شہب گریں گے کہ وہ بھی عُرف عام میں ستارے ہی کہلاتے ہیں اور مذہبی لیڈروں کا اثر اپنے مقتدائوں پر سے کم ہوجائے گا مذہبی علم ادب میں آسمانی طاقتوں سے مذہبی رہنما مراد ہوتے ہیں۔بیشک یہ علامتیں بظاہر معمولی معلوم ہوتی ہیں کیونکہ سورج اور چاند کو تو ہمیشہ ہی گرہن لگتا ہے