انوارالعلوم (جلد 4) — Page 529
انوار العلوم جلدم ۵۲۹ بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّنْ عَلَى رَسُوْلِهِ الْكَرِيمِ تقدیرانی مسئلہ قضاء و قدر ذیل میں مسئلہ تقدیر کے متعلق میری وہ تقریر درج ہے جو میں نے دسمبر ۱۹۱۹ء کے سالانہ جلسہ پر کی تھی بوجہ قلت وقت کے میں نے اس تقریر کو بہت مختصر کر دیا تھا۔اور میرا منشاء تھا کہ صحت کے وقت اس کے اندر بعض ضروری مسائل بڑھا دوں گا۔لیکن نظر ثانی کے وقت معلوم ہوا کہ تقریر کے لکھنے میں اس قدر غلطیاں ہو گئی ہیں کہ اس کا درست کرنا نہایت مشکل ہے۔بعض جگہ مضمون ایسا خبط ہو گیا تھا کہ اس کے درست کرنے میں نیا مضمون لکھنے سے بہت زیادہ وقت صرف ہو تا تھا۔ایک اور بھی مشکل پیش آگئی کہ مضمون میں خبط ہو جانے کی وجہ سے بعض ضروری مسائل کا بیچ میں شامل کر دینا بھی مشکل ہو گیا۔اس لئے میں نے اپنا پہلا ارادہ ترک کر کے اس تقریر کو ہی درست کر دیا ہے اور کوشش کی ہے کہ جہاں تک ممکن ہو وہ آسانی سے سمجھ میں آسکے اور ایک دو جگہ پر کسی قدر زیادتی بھی کر دی ہے۔چونکہ اس مضمون کے بعض پہلو جو زیادہ وضاحت چاہتے تھے اور جن کو تقریر کے وقت بیان نہیں کیا جاسکا اس تقریر پر نظر ثانی کرتے وقت بھی درج نہیں ہو سکے۔اس لئے اللہ تعالی اگر توفیق دے تو میرا ارادہ ہے کہ اس مسئلہ پر ایک مستقل رسالہ تحریر کر دیا جاوے۔فی الحال لوگوں کے انتظار کو دیکھ کر اس قدر شائع کیا جاتا ہے۔خاکسار مرزا محمود احمد