انوارالعلوم (جلد 3) — Page iv
بسم الله الرحمن الرحيم پیش لفظ عظ سید نا حضرت مصلح موعود خلیفتہ المسیح الثانی نور اللہ مرقدہ کا وجود باجود خد اتعالیٰ کے نشانوں میں سے ایک نشان ہے۔آپ کا نزول بہت مبارک اور جلال الہی کے ظہور کا موجب ہوا۔آپ نے زمین کے کناروں تک شہرت پائی اور آپ کے ذریعہ اسلام کا نور تمام عالم میں پھیلا۔خدا تعالی نے باون برس کی طویل مدت تک عظمت دین محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے جلال و جمال کے اظہار کے لئے آپ کو خلافت کے منصب پر فائز فرمایا۔اور آپ کی زندگی اور کارناموں نے یہ ثابت کر دیا کہ پیشگوئی مصلح موعود کا ہر ہر لفظ آپ کی ذات بابرکات میں پورا ہوا۔خدا تعالیٰ نے اس ذہین و فهیم وجود کو علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا اور خود آپ کا معلم ہو گیا۔علوم ظاہری و باطنی " سے پُر اس وجود کی تصنیفات کی تیسری جلد احباب کی خدمت میں پیش ہے۔اس جلد میں جو کتب شامل ہیں وہ حضور کی خلافت کے ابتدائی زمانے کی ہیں۔اس وقت تقاریر کو با قاعدہ قلمبند کرنے کا کوئی جماعتی نظام نہیں تھا۔بعض احباب اپنے شوق اور عقیدت سے ان تقاریر کو لکھ کر چھپواتے رہے اس وجہ سے ممکن ہے کہ بعض مقامات پر بات اس طرح واضح نہ ہوئی ہو جس طرح حضور نے واضح فرمائی ہو۔تاہم عبارت کے ربط اور فقرات کی ترتیب کو نہیں چھیڑا گیا۔البتہ اگر کسی جگہ کتابت کی کوئی صریح غلطی نظر آئی ہے تو اسے درست کر دیا گیا ہے۔حضرت فضل عمر ہمیشہ ہی جماعت کی علمی ترقی اور روحانی رفعتوں کے لئے کوشاں رہے۔خدا تعالیٰ کے فضل حضور کی مسلسل توجہ جدوجہد اور دعاؤں کی برکت سے جماعت نے ہر میدان میں بھر پور کامیابیاں حاصل کیں۔اور حضور کی تحریرات و تقاریر نے جماعت کی تنظیم و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔اس علمی و روحانی مائدہ میں سالکانِ راہِ حق کی مکمل سیری کا سامان موجود ہے۔