انوارالعلوم (جلد 3) — Page 370
۳۷۰ سیرت مسیح موعود بھرے ہوئے تھے۔اور بعض تو جگہ نہ ملنے کی وجہ سے کھڑکیوں کے چھجوں پر چڑھے بیٹھے تھے۔تمام چھتوں پر ہندؤوں اور مسلمانوں نے آپ کی شکل دیکھنے کے لئے ہنڈیاں اور لیمپ جلا رکھے تھے اور چھتیں عورتوں اور مردوں سے بھری پڑی تھیں۔آپ کی گاڑی کے قریب آنے پر مشعلیں آگے کر کر کے آپ کی شکل دیکھتے تھے اور بعض لوگ آپ پر پھول پھینکتے تھے۔سیالکوٹ آپ نے پانچ روز قیام فرمایا اور علاوہ تبلیغ کے جو آپ گھر پر ملنے والوں کو کرتے رہے آپ کا ایک پبلک لیکچر بھی وہاں ہوا۔جس وقت لیکچر کا اعلان ہوا اسی وقت سیالکوٹ کے علماء نے بڑے زور سے اعلان کیا کہ کوئی شخص مرزا صاحب کا لیکچر سنے نہ جائے اور یہ بھی فتوی دے دیا کہ جو شخص آپ کا لیکچر سننے جائے گا اس کا نکاح ٹوٹ جائے گا۔یہ ایک زبردست ہتھیار اس وقت سے علماء ہند کے پاس ہے جس کے ذریعے سے وہ جاہل مسلمانوں پر اپنی حکومت قائم رکھتے ہیں اور جس کے لئے جھوٹی بچی کوئی بھی دلیل ان کے پاس نہیں اور اس اعلان کو ہی کافی خیال نہ کیا گیا بلکہ جس مکان میں آپ کا لیکچر تھا اس کے مقابل چند مخالف مولویوں نے اپنے لیکچروں کا اعلان کر دیا تاکہ لوگ آپ کے لیکچر میں شامل نہ ہونے پائیں اور باہر کے باہر ہی رک جائیں۔علاوہ ازیں کچھ آدمی لیکچر گاہ کے دروازہ پر مقرر کر دیئے گئے کہ اندر جانے والوں کو رو کیں اور بتائیں کہ آپ کے لیکچر میں جانا گناہ ہے۔اور بعض تو اس حد تک بڑھے کہ آنے والوں کو پکڑ پکڑ کر دوسری طرف لے جاتے تھے۔مگر باوجود اس کے لوگ بڑی کثرت سے آئے اور جس وقت لوگوں نے سنا کہ آپ لیکچر گاہ میں تشریف لے آئے ہیں تو مخالف علماء کا لیکچر چھوڑ کر وہاں بھاگ آئے اور اس قدر شوق سے لوگوں نے حصہ لیا کہ سرکاری ملازم بھی باوجود تعطیل کا دن نہ ہونے کے لیکچر میں شامل ہوئے۔یہ لیکچر بھی چھپا ہوا تھا اور مولوی عبد الکریم صاحب نے پڑھ کر سنایا تھا۔دوران لیکچر میں بعض لوگوں نے شور مچانا چاہا۔پولیس افسر نے جو ایک یورپین صاحب تھے۔نہایت ہوشیاری سے ان کو روکا اور ایک بڑی لطیف بات فرمائی کہ تم مسلمانوں کو ان کے لیکچر پر گھبرانے کی کیا وجہ ہے تمہاری تو یہ تائید کرتے ہیں اور تمہارے رسول ﷺ کی عظمت قائم کرتے ہیں۔ناراض ہونے کا حق تو ہمارا تھا کہ جن کے خدا (صحیح) کی وفات ثابت کرنے پر یہ اس قدر زور دیتے ہیں۔غرض افسران پولیس کی ہشیاری کے باعث کوئی فتنہ فساد نہ ہوا۔اس لیکچر میں ایک خصوصیت یہ تھی کہ آپ نے پہلی مرتبہ اپنے آپ کو اہل ہنود پر اتمام حجت کرنے کے لئے پبلک میں بحیثیت کرشن پیش کیا۔