انوارالعلوم (جلد 2) — Page 183
انوار العلوم جلد ۲ ۱۸۳ برکات خلافت نہیں اور جب تک اس بات کا ثبوت نہ ملے تو اس رویا کی کوئی قدر و منزلت نہیں ہو سکتی۔ اور اس کا کہنا بالکل بجا ہو گا اس لئے میں اپنی صداقت کے لئے گواہ کے طور پر خود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو پیش کرتا ہوں۔ شاید بعض لوگوں کو تعجب ہو کہ حضرت مسیح موعود تو فوت ہو چکے ہیں آپ کیونکر اس دنیا میں واپس آکر میری صداقت کی گواہی دے سکتے ہیں تو میں ان کو بتاتا ہوں کہ گو حضرت مسیح موعود فوت ہو چکے ہیں لیکن پھر بھی وہ اس بات کی شہادت دے دیں گے کہ واقعہ میں مارچ کو میں نے یہ رویا دیکھی تھی اور وہ اس طرح کہ جس رات کو میں نے یہ رویا دیکھی اس صبح کو حضرت والد ماجد کو سنایا آپ سنکر نہایت متفکر ہوئے اور فرمایا کہ مسجد سے مراد تو جماعت ہوتی ہے شاید میری جماعت کے کچھ لوگ میری مخالفت کریں یہ رؤیا مجھے لکھوا دے۔ چنانچہ میں لکھواتا گیا اور آپ اپنی الہاموں کی کاپی میں لکھتے گئے پہلے تاریخ لکھی پھر یہ لکھا کہ محمود کی رؤیا پھر تینوں رویا لکھیں۔ ان تینوں رویا کے ارد گرد اس سے پہلی اور پچھلی تاریخوں کے الہام حضرت صاحب کے اپنے ہاتھ کے لکھے ہوئے موجود ہیں۔ (کاپی لوگوں کو دکھائی گئی اور یہ کاپی اب تک میرے پاس ہے اور ہر ایک طالب حق کو دکھائی جا سکتی ہے جو لوگ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دستخط پہچانتے ہیں وہ گواہی دے سکتے ہیں کہ یہ سب کاپی حضرت صاحب کے اپنے ہاتھ کی لکھی ہوئی ہے اور کئی سال کے الہام اس میں درج ہیں اور یہ میری رویا بھی آپ ہی کے ہاتھ کی لکھی ہوئی اس میں موجود ہے۔ یہ ایک ایسی شہادت ہے کہ کوئی احمدی اس کا انکار نہیں کر سکتا کیونکہ ایسے کھلے کھلے نشان کا جو شخص انکار کرے گا اسے ہر ایک صداقت کا انکار کرنا پڑے گا۔ اس رویا کے معلوم کر لینے کے بعد ہر ایک شخص معلوم کر سکتا ہے کہ کیوں مجھے خلافت کے مسئلہ میں اس قدر یقین اور تسلی ہے اور کیوں میں ہر ایک مقابلہ کی پرواہ نہ کر کے فتنہ کے وقت خلافت کا ممد و معاون رہا ہوں۔ میں اس شک کو بھی دور کر دینا چاہتا ہوں کہ کیوں اس رویا کو شیطانی نہ خیال کیا جائے اور وہ اس طرح کہ اول تو اس رویا کو حضرت مسیح موعود نے قدر کی نگاہوں سے دیکھا اور لکھ لیا۔ اور اپنے الہاموں کی کاپی میں لکھا پھر یہ رویا دو سال بعد حرف به حرف پوری ہوئی اور جو رویا اس شان کے ساتھ پوری ہو وہ شیطانی نہیں ہو سکتی کیونکہ پھر شیطان اور رحمن کے کلام میں کیا فرق رہ جائے گا؟ اور کیوں نہ لوگ ہر ایک الہام کو شیطانی کہہ دیں گے۔