انوارالعلوم (جلد 2) — Page 244
۲۴۴ وہی پیدا کرنے والا اور سب کی وہی پرورش کرنے والا ہے۔پس جب ساری چیزوں کی وہی ربوبیت کرتا ہے تو کیوں اسی کے لئے سب تعریفیں نہ ہوں۔ماں باپ بچہ کی ربوبیت کرتے ہیں مگر جانتے ہو ان کے دل میں بچہ کی محبت کس نے ڈالی خدا نے ہی ڈالی ہے۔اگر سائل کو کوئی ایک پیسہ دیتا ہے تو ہم کہتے ہیں کہ اس نے اچھا کام کیا ہے مگر اس کام کے کرنے کی تحریک اﷲ تعالیٰ نے ہی اس کے دل میں ڈالی ہے۔اسی طرح جو نیک کام کوئی شخص کرتا ہے وہ اصل میں اﷲ تعالیٰ ہی کی طرف منسوب ہوتا ہے اس لئے اصل حمد کے لائق خدا تعالیٰ ہی ہے۔مثلاً ایک آقا اپنے ملازم کو کہے کہ یہ روپیہ فقیروں میں تقسیم کر دو تو گو تقسیم تو وہ خادم ہی کرے گا لیکن تعریف آقا ہی کے لئے ہے۔پس انسان جو کسی سے نیک سلوک کرتا ہے تو وہ آقا کے مال کو تقسیم کرنے کی طرح ہی خدا تعالیٰ کی طرف سے کرتا ہے کیونکہ کوئی چیز اس کی نہیں بلکہ ہر ایک چیز خدا تعالیٰ کی ہے۔تو جتنا کسی میں احسان ‘مروّت ‘حسن اور خوبصورتی ہے وہ اﷲ ہی کی ہے کیونکہ تمام دنیا اس کی خادم ہے اور اس کے سوا اور کوئی آقا نہیں ہے۔لوگوں کو دین میں بہت سی مشکلات پیش آتی ہیں۔ماں ‘باپ ‘بیوی ‘بچوں‘مال و دولت‘خویش ‘اقرباء کی وجہ سے۔مگر یاد رکھو کہ اﷲ اﷲ ہی ہے اور بندے بندے ہی ہیں۔تم ہر بات میں یہ تحقیق کر لیا کرو کہ خدا کی مرضی کیا ہے اور جب خدا تعالیٰ کی مرضی معلوم ہو جائے توپھر خواہ کوئی چیز قربان کرنی پڑے تمہارے مد نظر خدا ہی کی رضا ہو۔شرک سے بچو: اس سے بڑھ کر میں ایک اور بات بتاتاہوں اور وہ یہ ہے کہ انسان کو چاہئے اﷲ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک نہ بنائے اﷲ ایک ہے۔میں یقین کرتا ہوں کہ کوئی احمدی مشرک نہیں ہے۔اﷲ تعالیٰ نے ان کو موحّد بننے کی توفیق دی ہے اس لئے مجھے یہ تو ڈر نہیں کہ کوئی احمدی بتوں کے آگے سجدہ کرے گا یا خدا تعالیٰ کو چھوڑ کر کسی اور کادامن پکڑنے کی کوشش کرے گا۔باقی دنیا نے تو دین کو چھوڑ دیا ہے مگر تم وہ جماعت ہو جس نے یہ عہد کیا ہے کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم رکھیں گے۔پھر خدا تعالیٰ نے اس جماعت سے وعدہ فرمایا ہے کہ میں اسے بڑھاؤں گا اور یہ ایک برگزیدہ جماعت ہے اس لئے اس جماعت کے متعلق صریح شرک کا احتما ل نہیں کیا جا سکتا۔مگر میں تمہیں اس بات سے آگاہ کرتا ہوں کہ بہت سا دین ایسا ہوتا ہے کہ وہ دنیا ہو جاتا ہے اور ایسا دین اﷲ تعالیٰ کے ایک انچ بھی قریب نہیں کر سکتا۔میں تمہیں اس دین کی طرف بلاتا ہوں جس کی طرف بڑھنے سے ہر قدم خدا کی طرف بڑھتا ہے اور آج جو تم نمازیں پڑھتے اور دعائیں کرتے ہو اس طرف آنے سے ہزاروں درجہ زیادہ تمہاری دعائیں قبول ہوں گی۔اور تم