انوارالعلوم (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 603 of 752

انوارالعلوم (جلد 26) — Page 603

انوار العلوم جلد 26 603 پیغامات کیا ہمارا خدا اتنی طاقت بھی نہیں رکھتا جتنا کہ حضرت مسیح ناصری رکھتے تھے ؟ مسیح ناصری تو ایک نبی تھے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمام نبیوں کے سردار تھے۔خدا تعالیٰ ان کی سرداری کو دونوں جہان میں قائم رکھے اور ان کے ماننے والوں کا جھنڈا کبھی نیچا نہ ہو اور وہ اور ان کے دوست ہمیشہ سر بلند ر ہیں۔امِيْنَ ثُمَّ آمِيْنَ میں یہی نصیحتیں پاکستان سے باہر کے احمدیوں کو بھی کرتا ہوں۔وہ بھی خدا تعالی کے ایسے ہی محبوب ہیں جیسے پاکستان میں رہنے والے احمدی۔اور جب تک وہ اسلام کو اپنا سمح نظر قرار دیں گے خدا تعالیٰ ان کو بھی اور اسلام کو بھی دنیا میں بلند کرتا چلا جائے گا انْشَاءَ اللهُ - خدا کرے احمدیوں کے ذریعہ سے کبھی دنیا میں ظلم کی بنیا د قائم نہ ہو۔بلکہ عدل، انصاف اور رحم کی بنیاد قائم ہوتی چلی جائے۔اور ہمیشہ خدا تعالیٰ کے فرشتے ان کے دائیں بھی کھڑے ہوں اور بائیں بھی کھڑے ہوں اور کوئی شخص ان کی طرف نیزہ نہ پھینکے جسے خدا تعالیٰ کے فرشتے آگے بڑھ کر اپنی چھاتی پر نہ لے لیں۔امِيْنَ ثُمَّ امِيْنَ آدم اول کی اولاد کے ذریعہ سے بالآخر دنیا میں بڑا ظلم قائم ہوا اب خدا کرے آدم ثانی یعنی مسیح موعود کی اولاد کے ذریعہ سے یہ ظلم ہمیشہ کے لئے مٹا دیا جائے۔اور سانپ یعنی ابلیس کا سر کچل دیا جائے اور خدا تعالیٰ کی بادشاہت اسی طرح دنیا میں بھی قائم ہو جائے جس طرح آسمان پر ہے۔اور کوئی انسان دوسرے انسان کو نہ کھائے اور کوئی طاقت ور انسان کمزور انسان پر ظلم اور تعدی نہ کرے۔امِيْنَ ثُمَّ امِيْنَ مرز امحمود احمد 17 مئی 1959ء الفضل 20 مئی 1959 ء )