انوارالعلوم (جلد 26) — Page 541
انوار العلوم جلد 26 541 اُس دن کو قریب سے قریب تر لانے کی کوشش اسلام کے غلبہ اور اس کی اشاعت کے لئے جس قدر کام کئے ہیں وہ نَعُوذُ بِاللهِ لغو ہیں اور اسلام کو ان کی بجائے کسی اور رنگ میں کام کرنے سے زیادہ فائدہ پہنچ سکتا ہے تو میں اُسے کہتا ہوں کہ تم میدان میں آؤ اور کام کر کے دکھاؤ۔اگر تمہارا کام اچھا ہوا تو دنیا خود بخود تمہارے پیچھے چلنے لگ جائے گی۔آخر دنیا میں کوئی اسلام سے محبت رکھنے والی جماعت ہے یا نہیں ؟ اگر ہے تو تمہیں ماننا پڑے گا کہ جو شخص بھی اسلام کی خدمت کرے گا وہ اُسی کے پیچھے چلے گی۔پھر اس میں کونسی مشکل بات ہے۔وہ اسلام کی مجھ سے بہتر خدمت کر کے دکھاویں دنیا خود بخود اُن کے پیچھے چل پڑے گی۔لیکن اگر ایک جماعت ایسی ہو جو صرف اعتراض کرنا ہی جانتی ہو تو اُسے یاد رکھنا چاہئے کہ یہ دنیا لا وارث نہیں ہے۔اس دنیا کا ایک زندہ اور طاقتور خدا ہے۔وہ مجھ پر اعتراضات کر سکتے ہیں، وہ میرے خلاف ہر قسم کے منصوبے کر سکتے ہیں، وہ مجھے لوگوں کی نگاہ سے گرانے اور ذلیل کرنے کے لئے جھوٹے الزام لگا سکتے ہیں مگر وہ ان حملوں کے نتیجہ میں میرے خدا کے زبردست ہاتھ سے نہیں بچ سکتے۔لیکن میں اسی خدا کے فضلوں پر بھروسہ رکھتے ہوئے کہتا ہوں کہ میرا نام دنیا میں ہمیشہ قائم رہے گا اور گو میں مر جاؤں گا مگر میرا نام کبھی نہیں مٹے گا۔یہ خدا کا فیصلہ ہے جو آسمان پر ہو چکا کہ وہ میرے نام اور میرے کام کو دنیا میں قائم رکھے گا۔اور ہر شخص جو میرے مقابلہ میں کھڑا ہوگا وہ خدا کے فضل سے ناکام رہے گا۔دنیا میں جھوٹ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام جب مبعوث ہوئے تو دنیا نے آپ پر اعتراضات کئے اور کہا کہ یہ جھوٹا ہے۔فریبی ہے۔مکار ہے۔ضال ہے۔دجال ہے۔اور اس نے کوشش کی کہ آپ کے نام کو مٹا دے مگر آج ستر اسی سال کے بعد اُس نے دیکھ لیا کہ جس کے نام کومٹانے کے لئے اُس نے اپنی انتہائی کوششیں صرف کر دی تھیں اُس کا نام اکناف عالم میں پھیل گیا اور ہر دن جو چڑھتا ہے وہ آپ کے نام کو اور زیادہ روشن کر دیتا ہے۔اسی طرح میں کہتا ہوں میں بھی ایک انسان ہوں مگر بعض انسان ایسے مقام پر کھڑے کر دیئے جاتے ہیں کہ گواُن کی لیڈری کی عمر تھوڑی ہو ، گو اُن کی جسمانی زندگی چند سال کی ہو مگر اُن