انوارالعلوم (جلد 26) — Page 629
انوار العلوم جلد 26 629 پیغامات کرتا ہے جب چاروں طرف کفر اور شیطانی قوتوں کے حملے ہور ہے ہوں اور روحانی امن اور چین دلوں سے مفقود ہو چکا ہو۔پس جس طرح کسی خوفناک جنگل میں شیروں اور درندوں کے حملہ سے وہی بھیٹرمیں محفوظ رہ سکتی ہیں جو گڈریے کی بنسری پر دوڑتی ہوئی اُس کے پاس آجائیں اِسی طرح اس زمانہ میں بھی وہی لوگ شیطانی حملوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے دامن سے وابستہ ہوں اور آپ کی تعلیم پر عمل کرنے والے ہوں۔پس میں آپ لوگوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ اشاعت اسلام کا فرض ہمیشہ یادرکھو اور اپنی اولاد در اولاد کو یاد کراتے چلے جاؤ اور اپنے اعمال میں نیک تغیر پیدا کرو تا کہ خدا کا جلال دنیا پر ظاہر ہو اور وہ منشاء پورا ہو جس کے لئے اس نے ہماری جماعت کو قائم فرمایا ہے۔بے شک یہ ایک مشکل اور کٹھن کام ہے لیکن استقلال اور دعاؤں سے کام لینے کے نتیجہ میں آسمان کے دروازے آپ لوگوں کے لئے کھل جائیں گے اور دنیا جن باتوں کو آج ناممکن سمجھتی ہے وہ کل ایک حقیقت بن کر ان کے سامنے ظاہر ہو جائیں گی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ لوگوں کے اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت اور نتیجہ خیز بنائے اور آپ کو اپنے فضل سے اس روحانی لذت اور سرور سے حصہ بخشے جس کے لئے حضرت بانی سلسلہ احمدیہ نے اس مقدس اجتماع کی بنیاد رکھی ہے۔اور مرکز سلسلہ سے مخلصانہ وابستگی اور اشاعت اسلام کے لئے ہر قسم کی قربانیوں کی توفیق آپ کو عطا فرمائے۔امِيْنَ اللَّهُمَّ امِيْنَ۔خاکسار مرز امحمود احمد خلیفة المسیح الثانی "22-11-1961 الفضل 10 جنوری 1962ء)