انوارالعلوم (جلد 24)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 228 of 660

انوارالعلوم (جلد 24) — Page 228

انوار العلوم جلد 24 228 سیر روحانی (7) نظر آتی تھی، نظام الدین صاحب اولیاء کا مقبرہ بھی نظر آتا تھا، لوہے کی لاٹ بھی نظر آتی تھی اور لودھیوں کے قلعے بھی نظر آتے تھے ، سوریوں کے قلعے بھی نظر آرہے تھے، مغلوں کے قلعے بھی نظر آتے تھے ، باغات بھی نظر آتے تھے ، غرض عجیب قسم کا وہ نظارہ تھا جو نظر آرہا تھا۔ایک طرف وہ شان و شوکت ایک ایک کر کے سامنے آرہی تھی کہ کس طرح مسلمان یہاں آئے ، کس طرح اُنکو غلبہ حاصل ہؤا ، کتنی کتنی بڑی انہوں نے عمارتیں بنائیں اور اس کے بعد وہ خاندان تباہ ہوا، پھر دوسرا آیا تو وہ تباہ ہوا، پھر تیسرا آیا اور وہ تباہ ہوا اور اب آخر میں یہ نشانات انگریزوں کی سیر گاہیں بنی ہوئی ہیں۔اس نظارہ کو دیکھ کر میری طبیعت پر ایک غیر معمولی اثر پید ا ہوا اور میں نے کہا۔کیا ہے یہ دنیا جس میں اتنی شاندار ترقی کے بعد بھی انسان اتنا گر جاتا اور تباہ ہو جاتا ہے۔میرے ساتھ میری بڑی ہمشیرہ بھی تھیں یعنی ہمشیروں میں سے بڑی ورنہ یوں وہ مجھ سے چھوٹی ہیں۔اسی طرح میری لڑ کی امتہ القیوم بیگم بھی تھی اور میری بیوی اُمِ متین بھی تھیں، میں وہاں کھڑا ہو گیا اور میں اس نظارہ میں محو ہو گیا۔ایک ایک چیز کو میں دیکھتا تھا اور میرے دل میں خنجر چبھتا تھا کہ کسی وقت اسلام کی یہ شان تھی مگر آج مسلمان انگریز کا ٹکٹ لئے بغیر ان عمارتوں کے اندر جا بھی نہیں سکتے۔یہ عمارتیں جو مسلمانوں نے بنائی تھیں آج یہاں سرکاری دفتر بنے ہوئے ہیں اور اس کو سیر گاہ بنا دیا گیا ہے۔جن خاندانوں کے یہ مکان تھے اُن کی نسلیں چپڑاسی بنی ہوئی ہیں، کلرک بنی ہوئی ہیں، ادنی ادنی کام کر رہی ہیں اور یوروپین لوگوں کے ٹھڈے کھا رہی ہیں۔غرض میں اس بات سے اتنا متاثر ہوا کہ میں کھڑے ہوئے انہی خیالات میں محو ہو گیا اور انہوں نے مجھے آوازیں دینی شروع کر دیں کہ بہت دیر ہو گئی ہے۔مگر میں چوٹی پر کھڑا اس کو سوچ رہا تھا اور دنیاؤ مَا فِیھا سے غافل تھا۔سوچتے سوچتے یکدم اللہ تعالیٰ نے میرے دل پر القاء کیا کہ ہم نے جو اسلام کو قائم کیا تھا تو قرآن کریم کے لئے قائم کیا تھا ان عمارتوں کے لئے قائم نہیں کیا تھا۔ہم نے جو تم سے وعدے کئے تھے وہ قرآن کریم میں بیان ہیں، وہ یہ وعدے نہیں تھے جو تغلقوں اور شوریوں نے سمجھے تھے بلکہ وہ وعدے وہ ہیں جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے