انوارالعلوم (جلد 24) — Page 354
انوار العلوم جلد 24 354 متعلق وہی رعایت ملحوظ رکھی جانی چاہئے۔تحقیقاتی عدالت میں حضرت امام جماعت احمدیہ کا بیان سوال: مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کے بیان کے جواب میں بھی اس عدالت کے سامنے ایک بیان دستاویز 323 پیش کیا گیا تھا۔کیا آپ نے اس بیان کو دیکھ لیا تھا؟ جواب: یہ بیان مجھ سے مشورہ لینے کے بعد تیار کیا گیا تھا اور غالباً میں نے اس کو پڑھا بھی تھا۔اس کے متعلق بھی وہی رعایت مد نظر رکھتے ہوئے جن کا میں نے دوسری دو دستاویزات کے متعلق ذکر کیا ہے یہ سمجھا جانا چاہئے کہ یہ اس جماعت کے نظریات کی ترجمانی کرتا ہے جس کا میں امیر ہوں۔سوال: رسول کون ہوتا ہے ؟ جواب: رسول اُسے کہتے ہیں جسے اللہ تعالیٰ نے کسی خاص مقصد کیلئے انسانوں کی راہنمائی کی غرض سے مامور کیا ہو۔سوال: کیا نبی اور رسول میں کوئی فرق ہے ؟ جواب: صفات کے لحاظ سے دونوں میں کوئی خاص فرق نہیں۔وہی شخص اس لحاظ سے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیغام لاتا ہے رسول کہلائے گا لیکن اُن لوگوں کے لحاظ سے جن کی طرف وہ خدائی پیغام لاتا ہے وہ نبی کہلائے گا۔اس طرح وہی ایک شخص رسول بھی ہو گا اور نبی بھی۔سوال: آپ کے نزدیک آدم سے لے کر اب تک کتنے رسول یا نبی گزرے ہیں؟ جواب: غالباً اس بارہ میں کوئی بات قطعی طور پر نہیں کہی جاسکتی احادیث میں ان کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار بیان ہوئی ہے۔1 سوال: کیا آدم ، نوح، ابراہیم، موسیٰ اور عیسی رسول تھے ؟ جواب: آدم کے بارہ میں اختلاف پایا جاتا ہے۔اُن کو بعض لوگ صرف نبی یقین کرتے ہیں اور رسول نہیں سمجھتے مگر میرے نزدیک یہ سب رسول بھی تھے اور نبی بھی۔سوال: ولی کس کو کہتے ہیں؟ جواب: وہ جو اللہ تعالیٰ کو محبوب ہوتا ہے۔