انوارالعلوم (جلد 24) — Page 360
انوار العلوم جلد 24 360 تحقیقاتی عدالت میں حضرت امام جماعت احمدیہ کا بیان سوال: کیا وہ دنیوی بادشاہ ہوں گے؟ جواب: میرے نزدیک نہیں۔سوال: کیا اس مفہوم کی کوئی حدیث ہے کہ مسیح جہاد یا جزیہ کے متعلق قانون منسوخ کر دے گا؟ جواب: ایک حدیث "جزیہ" کے متعلق ہے اور دوسری "حرب" کے متعلق۔ہم جزیہ کے متعلق حدیث کو ترجیح دیتے ہیں اور دوسری کو اُس کی وضاحت سمجھتے ہیں۔ہم نہیں سمجھتے کہ جو الفاظ یعنی يَضَع حدیث میں استعمال ہوئے ہیں ان کے معنے منسوخ کرنے کے ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ اس لفظ کے معنے التواء کے ہیں۔سوال: کیا مرزا غلام احمد صاحب نے مسیح اور مہدی ہونے کا دعویٰ کیا؟ جواب: جی ہاں۔سوال: کیا مسیح یا مہدی کے ظہور پر اس پر ایمان لانا مسلمانوں کے عقیدہ کا ضروری جزو ہے؟ جواب: جی ہاں۔اگر کوئی شخص یہ سمجھ جاتا ہے کہ یہ دعویٰ درست ہے تو اسے ماننا اس پر فرض ہو جاتا ہے۔سوال کیا دین اسلام ایک سیاسی مذہبی نظام ہے ؟ جواب: یہ ایک مذہبی نظام ہے مگر اس میں کچھ سیاسی احکام بھی ہیں جو اس مذہبی نظام کا حصہ ہیں اور جن کا مانا اتنا ہی ضروری ہے جتنا دوسرے احکام کا۔سوال: اس نظام میں کفار کی کیا حیثیت ہے؟ جواب: کفار کو وہی حیثیت حاصل ہو گی جو مسلمانوں کو۔سوال: کافر کسے کہتے ہیں؟ جواب: کافر اور مؤمن اور مسلم نسبتی الفاظ ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ معلق ہیں ان کا کوئی جداگانہ معین مفہوم نہیں۔قرآن کریم میں کافر کا لفظ اللہ تعالیٰ کے تعلق میں بھی استعمال ہوا ہے اور طاغوت کے تعلق میں بھی۔اسی طرح مؤمن کا لفظ طاغوت کے تعلق میں بھی استعمال ہوا ہے۔