انوارالعلوم (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 550 of 631

انوارالعلوم (جلد 23) — Page 550

انوار العلوم جلد 23 550 مجلس خدام الاحمدیہ کے سالانہ اجتماع 1953ء کے موقع پر۔۔۔کام میں لگ جائے گا تو اگلے سال مہارت حاصل کر لے گا۔لوہار کسی ایک شخص کو لوہارے کا کام سکھا دے، معمار کسی ایک شخص کو معماری کا کام سکھا دے، ترکھان کسی شخص کو تر کھانے کا کام سکھادے، موچی کسی ایک شخص کو موچی کا کام سکھا دے۔اسی طرح دوسرے لوگ اپنے اپنے فن ایک ایک شخص کو سکھا دیں۔مرکزی ادارہ کو چاہئے کہ وہ ان خدام کے نام لکھ لے۔اگلے سال ان سے پوچھا جائے گا کہ انہوں نے اس ہدایت پر کس حد تک عمل کیا ہے۔اگر تم اس کام کو شروع کر دو تو دو چار سال میں تم دیکھو گے کہ اس طریق پر عمل کر کے تم مذہب ، ملک اور قوم کے لئے نہایت مفید ثابت ہو سکو گے۔مگر یاد رکھو تم یہ سوچنے میں نہ لگ جانا کہ جس کو کام پر لگایا جائے وہ تمہارا رشتہ دار ہی ہو۔چاہے وہ غیر ہی ہو تم نے بہر حال اسے کام سکھانا ہے۔دوسرے یہ بھی یاد رکھو کہ بعد میں کسی صلہ کی اُمید نہ رکھنا۔احسان کرنے کے بعد اس کے صلہ کی اُمید رکھنا قرآن کریم کی تعلیم کے خلاف ہے۔قرآن کریم کہتا ہے کہ تم احسان کر کے بدلہ کی اُمید نہ رکھو۔تمہارا ایسی اُمید کرنا تمہارے اس کام کو باطل کر دے گا۔تم یہ نیت کر کے کام سکھاؤ کہ تم اس کے بدلہ کی کسی انسان سے خواہش نہیں رکھتے "۔(الفضل18اکتوبر 1961ء)