انوارالعلوم (جلد 22) — Page 33
انوار العلوم جلد ۲۲ ۳۳ سچا ایمان ، پیہم عمل اور راستبازی کی عادت پیدا کرو درست ہوتی ہے اور چونکہ مذہب راست بازی ہے اس لئے جو اس پر عمل کرے گا وہ راست باز ہوگا۔بازی کے معنی ہیں عمل کرنا، کھیلنا۔بازی فارسی کا ایک لفظ ہے اور اس کے معنی کھیلنے کے ہوتے ہیں۔اور راست بازی کے معنی ہیں راستی کے ساتھ کھیلنا سچائی پیش کرنا۔سچائی کو مقصود قرار دے لینا۔گویا انسان جس طرف بھی حرکت کرے اُس کا مقصود راستی ہو۔جس طرح یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں شخص دولت میں کھیل رہا ہے تو اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ اُس کے ارد گر د دولت ہی دولت ہے۔اسی طرح راست بازی کے معنے یہ ہیں کہ سچائی اُس کے اردگرد جلوہ گر ہوتی ہے۔چونکہ خدا تعالیٰ کی طرف سے آنے والے دلائل ، تعلیمات اور عقائد ہمیشہ سچے ہوتے ہیں اس لئے جو شخص ان کے مطابق اپنی زندگی بنا لیتا ہے وہ راست باز ہوتا ہے۔اور اگر کوئی شخص راست باز نہ رہے تو وہ ان احکام کو جو خدا تعالیٰ کی طرف سے آتے ہیں اپنا نہیں سکتا۔وہ انہیں اپنی زندگی کا مقصد قرار نہیں دے سکتا کیونکہ یہ امر محال ہے کہ ایک شخص خدا تعالیٰ کے احکام پر عمل کرنے والا بھی ہو اور وہ جھوٹ کا عادی بھی ہو۔گویا دوسرے لفظوں میں مذہب نام ہے راست بازی کا۔اور سچا مذہب نام ہے اس بات کا کہ وہ تمہارے سونے جاگنے ، اُٹھنے بیٹھنے اور کھانے پینے پر بلکہ تمہاری ہر حرکت پر حاوی ہو۔وہ تمہاری ہر شعبہ زندگی میں راہ نمائی کرتا ہو۔اور اگر مذہب نام ہے راست بازی کا تو اس کے معنی یہ ہوں گے کہ مذہب پر چلنے والا شخص سچائی کو اپنے ہر شعبۂ زندگی میں داخل کرتا ہے۔اور اگر کوئی شخص جھوٹ کا عادی ہوگا تو اس کے یہ معنی ہوں گے کہ وہ جہاں بھی جھوٹ بولے گا مذہب کو پرے دھکیل دیگا۔مثلاً تمہارا ایک دوست ہے اُسے یہ علم نہیں کہ تم چور ہو تمہیں علم ہے کہ اگر اسے پتہ لگ گیا کہ تم چور ہو تو وہ تمہیں چھوڑ دے گا۔تم اگر دونوں اکٹھے جارہے ہو اور تمہیں پتہ لگتا ہے کہ رستہ میں مال پڑا ہے اور تم اُسے چرانا چاہتے ہو تو تم اُس دوست کو اس کا علم نہ ہونے دو گے بلکہ بہانہ بنا کر اُس سے الگ ہو جاؤ گے کیونکہ تم جانتے ہو کہ وہ دوست تمہارے رستہ میں حائل ہوگا۔پس اگر مذہب کا نام راستی ہے اور تمہیں ذرا بھی جھوٹ بولنے کی عادت ہے تو تم جہاں بھی جھوٹ کی طرف مائل ہو گے وہاں تم مذہب چھوڑنے پر مجبور ہو جاؤ گے۔پس جھوٹ