انوارالعلوم (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 310 of 694

انوارالعلوم (جلد 21) — Page 310

انوار العلوم جلد ۲۱ ۳۱۰ پاکستان کی ترقی اور اس کے استحکام کے سلسلہ میں زریں نصائح مانگا تھا۔مجھے ایسے اخبارات پڑھ کر ہمیشہ ہنسی آتی ہے اور میں حیران ہوتا ہوں کہ کہنے والا کہتا کیا ہے۔آخر اسلام کس چیز کا نام ہے؟ اسلام اس چیز کا نام نہیں کہ دس ہیں نوکریاں بعض لوگوں کومل جائیں ، اسلام اس چیز کا نام نہیں کہ دس بیس عہدے بعض لوگوں کو مل جائیں ، اسلام نام ہے کچھ اخلاقی اصول کا ، کچھ روحانی اصول کا اور کچھ عقائد کا۔اسلام نام ہے اس بات کا کہ ہر شخص اس بات کا اقرار کرے کہ اَشْهَدُ اَنْ لا إِلهَ إِلَّا اللهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ اب بتائے پاکستان گورنمنٹ کیا قانون بنائے ؟ کیا وہ یہ قانون بنائے کہ ہمارے ملک میں آئندہ ایک خدا ماننا جائز ہوگا۔ہر شخص کہے گا کہ اگر کوئی ایک خدا ماننا چاہے تو اسے روکتا کون ہے۔انگریز نہیں روکتا ، روس نہیں روکتا، جرمنی نہیں روکتا ، جاپان نہیں روکتا۔جب دنیا کے ہر ملک میں بلکہ ایسے ملک میں بھی جو مذہب کا شدید ترین دشمن ہے یہ عقیدہ رکھا جا سکتا ہے تو پھر اس کے لئے کسی کی قانون کی کیا ضرورت ہے۔اسلام نام ہے اس بات کا کہ انسان اس بات پر ایمان لائے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے رسول تھے ایسے رسول کہ جن سے خدا تعالیٰ نے اپنے دین کی تکمیل کا کام انتہائی درجہ پر کیا اور وہ سارے نبیوں کے سردار ہیں۔اب پاکستان گورنمنٹ کیا کرے؟ کیا وہ یہ کہے کہ اب تو کوئی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے رسول تھے مگر آئندہ اس عقیدہ کے رکھنے میں آزادی ہوگی۔سوال یہ ہے کہ اس میں پاکستان گورنمنٹ کا کیا دخل ہے ہم گھر میں بیٹھے اَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ بھی کہہ سکتے ہیں اور اَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّداً رَّسُولُ اللهِ بھی کہہ سکتے ہیں۔اس میں نہ تو پاکستان گورنمنٹ کا ہی کوئی دخل ہے اور نہ اس کیلئے کسی قانون کی ضرورت ہے کہ اس کے لئے چیخ و پکار کی جائے۔دوسری چیز جو ہمارے عقائد میں شامل ہے وہ قرآن کریم کو سچا ماننا ہے۔اب بتا ئیں اس عقیدہ کے رکھنے میں کونسا قانون مانع ہے یا کونسا قانون ہمیں مجبور کرتا ہے کہ ہم قرآن کریم کو سچا نہ مانیں کہ اس کے خلاف ہمیں کسی قانون کی ضرورت ہو۔اسلام تو صرف یہ کہتا ہے کہ تم سچے دل سے اس بات پر یقین رکھو کہ قرآن کریم خدا تعالیٰ کی کتاب ہے مگر کیا کوئی قانون انگریز نے اس کے خلاف بنایا ہوا تھا۔جب انگریزوں کے وقت اس کے خلاف کوئی قانون تھا نہ اب ہے تو مملکت پاکستان کیا کرے اور وہ کس چیز کے متعلق قانون نافذ کرے۔