انوارالعلوم (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page xxxvi of 694

انوارالعلوم (جلد 21) — Page xxxvi

انوار العلوم جلد ۲۱ ٣١ تعارف کتب حضور نے انسان کی پیدائش کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔نیز حضور نے عورتوں کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور قرآن و احادیث کی روشنی میں عورتوں کو ذمہ داریوں اور انعامات کے لحاظ سے مردوں کے برابر ٹھہرایا۔چنانچہ اس سلسلہ میں آپ فرماتے ہیں:۔قرآن کریم کو شروع سے آخر تک پڑھ کر دیکھ لو تمام مسائل احکام اور انعامات میں عورت اور مرد دونوں کا ذکر ہے مثلاً اگر یہ کہا جاتا ہے کہ نیک مرد تو ساتھ ہی کہا جاتا ہے نیک عورتیں۔اگر کسی جگہ ذکر ہے کہ عبادت کر نیوالے مرد تو ساتھ ہی یہ ذکر ہوگا کہ عبادت کرنے والی عورتیں۔پھر اگر یہ ذکر ہے کہ جنت میں مرد جائیں گے تو ساتھ ہی یہ ذکر ہوگا کہ جنت میں عورتیں بھی جائیں گی۔مرد کی اگر اعلیٰ درجہ کی نیکیاں ہیں اور وہ جنت میں ایک اعلیٰ مقام پر رکھا جاتا ہے تو اس کی بیوی جس کی نیکیاں اس کے مقام کے مناسب حال ہیں اپنے خاوند کی وجہ سے اُسی مقام میں رکھی جائیگی۔اسی طرح اگر عورت اعلیٰ نیکیوں کی مالک ہے اور ان کی وجہ سے وہ جنت میں اعلیٰ مقام پر رکھی جاتی ہیں تو اس سے ادنی نیکیاں رکھنے والا خاوند بھی اُس کی وجہ سے اُسی مقام میں رکھا جائے گا۔غرض تمام معاملات میں خدا تعالیٰ نے عورت اور مرد کی ذمہ داریوں کو اہمیت دی ہے۔“