انوارالعلوم (جلد 20)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 452 of 654

انوارالعلوم (جلد 20) — Page 452

انوار العلوم جلد ۲۰ ۴۵۲ دیباچہ تفسیر القرآن قرآنی تعلیم کے اُصول قرآن کریم کو دوسری تمام کتب پر یہ فضیلت حاصل ہے کہ وہ مذہب کے متعلق سب کے سب سوالات کو حل کرتا ہے اور مذہب کے اُصول کو نمایاں طور پر پیش کر کے لوگوں کی توجہ اس طرف پھراتا ہے کہ مذہب کا کیا دائرہ ہے اور اس کا کیا فائدہ ہے۔تو رات کو پڑھ جاؤ ، انجیل کو پڑھ جاؤ، ویدوں کو پڑھ جاؤ، ژند اوستا کو پڑھ جاؤ یا اور کسی کتاب کو پڑھ جاؤ ، یوں معلوم ہوتا ہے کہ ایک لمبے مظاہر ہ قدرت کے درمیان کسی وقت کوئی شخص آپہنچا ہے اور اُس نے اِس مظاہرہ کو اُس وقت سے بیان کرنا شروع کر دیا ہے جب سے اُس کی نظر اُس پر پڑی ہے، لیکن قرآن کریم مذہب کو اس رنگ میں پیش نہیں کرتا وہ خلق کی حکمت اور اس کی پیدائش کے ساتھ تعلق رکھنے والے سب اُمور کو بیان کرتا ہے۔وہ بتاتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے دنیا کو کیوں پیدا کیا ہے، انسان کے پیدا کی کرنے سے اس کی غرض کیا ہے، اس غرض کے پورا کرنے کے لئے کونسے ذرائع اختیار کرنا ضروری ہیں خود اللہ تعالیٰ کا وجود کیا ہے اور کیسا ہے؟ اس کی کیا کیا صفات ہیں اور وہ صفات کس طرح دنیا میں جاری ہوتی ہیں؟ بنی نوع انسان کی پیدائش کا مقصد بتاتے ہوئے اُس نے اِس نظام کی تشریح کی ہے جو اس دنیا کو چلانے کے لئے جاری کیا گیا ہے۔وہ ایک طرف تو یہ بتاتا ہے کہ جسم انسانی کے ارتقاء اور نشو و نما کے لئے خدا تعالیٰ نے دنیا میں ایک قانونِ قدرت جاری کیا ہے جو انسان کے جسم اور اس کے دماغ کے ساتھ تعلق رکھتا ہے اور یہ تمام قانونِ قدرت خدا تعالیٰ کے ملائکہ میں سے ایک قسم کے ملائکہ کے سپر د ہے۔دوسری طرف انسانی روح کی ترقی اور اس کی بصیرت کو جلا بخشنے کیلئے اُس نے قانونِ شریعت کو قائم کیا ہے۔یہ قانونِ شریعت ملائکہ کی ایک دوسری قسم کے ذریعہ سے دنیا میں نازل ہوتا ہے اور خدا تعالیٰ کے انبیاء پر نازل ہوتا ہے ہے۔کبھی تو یہ شریعت ایک مکمل قانون کی صورت میں نازل ہوتی ہے۔کبھی ایک جزوی اصلاح کی صورت میں نازل ہوتی ہے اور کبھی انسانی تشریحات سے بگاڑی ہوئی شکل کو دوبارہ بحالی کرنے کی صورت میں نازل ہوتی ہے۔یعنی کبھی اللہ تعالیٰ کے نبی اس لئے آتے ہیں کہ اُن کے ذریعہ سے ایک نئی شریعت قائم کی جائے۔کبھی اس لئے آتے ہیں کہ پرانی شرائع کی بعض غلطیوں کی اصلاح کی جائے۔کبھی اس لئے آتے ہیں کہ شریعت کے معنی کرنے میں جو لوگ غلطی