انوارالعلوم (جلد 1) — Page 256
اس کا ثبوت دیا ہے اور پھر میں نے بتایا ہے کہ رحم کی صفت انسان میں ہے اور وہ عدل سے بڑھ کر سمجھی جاتی ہے اور اگر وہ نہ ہوتی تو دنیا کا کارخانہ ہی الٹ جا تا۔اور پھر قرآن شریف سے میں نے اس مسئلہ کو بھی نکال کربتا یاہے کہ اسلام بھی اسی کا قائل ہے چنانچہ جب یہ ثابت ہو چکا۔تو معلوم ہوا کہ خدا تعالیٰ میں بھی رحم کا مادہ ہے اور وہ چو نکہ عدل سے بالا ہے اور اعلی مرتبہ ہے اس لئے خدا تعالیٰ نے اپنی گونا گوں حکمتوں سے کام لے کراس صفت کو بھی استعمال کیا ہے۔اور میرا اس مسئلہ کو یہاں لکھنا اس باعث سے ہے کہ اس مسئلہ کے حل ہونے سے نجات کا مسئلہ خود بخود حل ہو جا تا ہے۔اسلام کے سوا دوسرے مذاہب نے عدل اور رحم میں فرق محسوس نہ کرنے میں نجات کےمعاملہ میں غلطی کھائی ہے اور اگر وہ خدا تعالیٰ کی ان صفات میں دھوکہ نہ کھاتے تو کبھی بھی نجات کےمعاملے میں ان کو غلطی نہ ہوتی۔اب میں اسلام کی نجات کو بتاتا ہوں کہ وہ کس طرح انسانی نجات کو قوانین فطرت کے مطابق قرار دیتی ہے۔سو یاد رہے کہ خدا تعالیٰ تم کو بتاتا ہے کہ میں رحمٰن ہوں۔میں رحیم ہوں۔اگر تم گنہگار ہو اور جہل اور کم علمی سے با معرفت کی کمی سے تمہارے دلوں پرزنگ لگ گیا ہے۔اور تمهاری عمر کو گناہوں کے کیڑے نے گھن لگا دیا۔اور تم ایک عرصہ تک اپنی ماں کی چھاتیوں سے جدارہے ہو اور مصنوعی پستانوں کو جو دانتوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور بھوک ان سے دور نہیں ہوتی چوستے رہے ہو۔اور ان دشوار گزار راہوں میں پڑے رہے ہو جو انسان کو صراط مستقیم سے دور پھینک دی ہیں اور اس بچھڑے کی طرح جو اپنی ماں کو بھول کر ایک مصنوئی گائے کے پیچھے لگ جائے کہ جس کے اندر سوائے بھس کے اور کچھ نہیں میری پرستش کو چھوڑ کر ہو او ہوس کے غلام بنے رہے۔تو آؤ میں تمہارے گناہ بخش دوں گا۔اور جیسے ماں اپنے بچھڑے ہوئے بچہ کو جو ایک مدت تک آوارہ رہا ہو اور پھر اپنی آوارگی پریشان ہو کر اپنی ماں کے گھر میں رہنے کے لئے آیا ہواپنے کلیجہ سے لگا لیتی ہے ویسے میں تمہاری کل خطاؤں کو بھلا دوں گا۔اور نئے سرے سے تم سے عہدباند هوں گا اور تمہاری کل کمزوریوں کو نظر انداز کر دوں گا اور تمہارے گناہوں کو میٹ دوں گا۔اور تمہاری بدیوں کو پوشیدہ کر دوں گا۔اور تمہیں وہ کچھ دوں گا کہ جس کا گمان تک بھی تمہیں نہ ہو۔چنانچہ فرماتا ہے کہ قُلْ یٰعِبَادِیَ الَّذِیْنَ اَسْرَفُوْا عَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَةِ اللّٰهِؕ-اِنَّ اللّٰهَ یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ جَمِیْعًاؕ-اِنَّهٗ هُوَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ