انوارالعلوم (جلد 19) — Page 474
انوار العلوم جلد ۱۹ ۴۷۴ آسمانی تقدیر کے ظہور کیلئے زمینی جدو جہد بھی ضروری ہے میں جنوب کی طرف منگل گاؤں کی طرف جا رہا ہوں۔میں تھوڑی دور ہی گیا تھا کہ میرے ایک ساتھی نے مجھے اشارہ کیا کہ دیکھیں ! کھیت میں کچھ تلیر اُترے ہیں پچاس، ساٹھ یا سو کے قریب تلیر ہیں۔گویا ان کی ایک ڈار وہاں آ کر اُتری ہے اور اس خواہش سے اُس نے مجھے اشارہ کیا ہے کہ مجھے ان کا شکار کرنا چاہئے۔میں نے اسے کہا کہ اچھا بندوق منگوا ؤ خواب میں میں ایسا سمجھتا ہوں کہ بندوق ساتھ ہے مگر بعد میں معلوم ہوا کہ ساتھ نہیں۔چنانچہ تھوڑی دیر انتظار کرنے کے بعد جب میں نے پوچھا کہ کیا بات ہے تو مجھے بتایا گیا بندوق لینے کیلئے آدمی گئے ہیں۔اُس وقت میں خواب میں سمجھتا ہوں کہ شیخ نور الحق صاحب جو ہماری زمینوں کے دفتر کے انچارج ہیں اور مولوی نور الحق صاحب مبلغ یہ دونوں نور الحق نامی بندوق لینے کیلئے گئے ہیں۔میں ان کی آمد کا انتظار کر رہا تھا کہ اتنے میں میں نے دیکھا کہ وہ سکھ سوار جو چوک میں کھڑے تھے وہ اپنی سواریوں پر بیٹھے ہوئے رائفلیں لگائے مشرق کی طرف بھاگے چلے جا رہے ہیں اور ان کے پیچھے پیچھے ایک گڈو بھی ہے جس پر بستر اور گھر کا سامان وغیرہ معلوم ہوتا ہے۔میں انتظار کی حالت میں ایک عمارت کے برآمدہ میں ٹہلنے لگا۔اسی دوران میں ایک شخص میرے پاس آیا اس کی ڈاڑھی ایسی ہے جیسے مسلمانوں کی ڈاڑھی ہوتی ہے یعنی تراشی ہوئی ہے اور مونچھیں بھی شریعت کے مطابق ہیں۔میں اُس کی شکل وصورت سے خیال کرتا ہوں کہ غالبا یہ مسلمان ہے۔اس نے مجھے آ کر کہا آپ میری امداد کریں کچھ لوگ مجھے دق کرتے ہیں لوگوں سے مراد میں سمجھتا ہوں کہ احمدی نہیں بلکہ غیر احمدی ہیں۔اس نے بتایا کہ وہ لوگ اسے دق کرتے ہیں اور کچھ بوتلیں اس کے گھر میں رکھ جاتے ہیں۔میں خواب میں سوچتا ہوں کہ وہ بوتلیں شاید تیزابی مادہ کی ہوتی ہوں گی یا شراب کی بوتلیں ہوں گی جو لوگ اُس کے گھر میں رکھ جاتے ہوں گے تا کہ ناجائز شراب رکھنے کے الزام میں اسے پکڑوا دیں۔مجھے خیال تھا کہ چونکہ اس کی شکل مسلمانوں والی ہے اس لئے وہ مسلمان ہی ہوگا مگر جب میں نے اس سے نام پوچھا تو اس نے مجھے اپنا نام ہندوانہ بتایا۔تب میں نے اسے کہا یہ معاملہ پولیس سے تعلق رکھتا ہے میں تو صرف نصیحت کر سکتا ہوں تم پولیس کو اطلاع دے دو اس کا فرض ہے کہ وہ اچھے شہریوں کی امداد کرے اس فرض کی وجہ سے وہ تمہاری بھی ضرور امداد کرے گی۔باقی جہاں تک میں نصیحت کر سکتا