انوارالعلوم (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 306 of 669

انوارالعلوم (جلد 19) — Page 306

انوار العلوم جلد ۱۹ الفضل کے اداریہ جات کرنے کے بعد انگلستان اور امریکہ کا تصرف ایشیا پر بالکل ختم ہو جاتا ہے اور مشرقی یورپ اور ایشیا پراثر پیدا کر لینے کے بعد مغربی یورپ اور امریکہ کی طاقت بالکل ٹوٹ جاتی ہے۔مشرق وسطی پر قابض روس کا مقابلہ افریقہ کے بہت کم آبادی والے علاقے کر ہی کیا سکتے ہیں اور یہ ظاہر ہے کہ افریقہ کے ساحلوں پر قبضہ کرنے کے بعد روس اس قابل ہوگا کہ وہ امریکہ کے دل کے سامنے اپنا خنجر نکال کر کھڑا ہو جائے اور امریکہ کی نقل و حرکت کے رستوں کو مسدود کر دے۔ان سکیموں کے خلاف روسی لیڈر خواہ یہودی تحریک کے خلاف ہی کیوں نہ ہوں اگر کسی صورت میں بھی مشرق وسطی میں یہودیوں کی طاقت انہیں فائدہ پہنچا سکتی ہو تو وہ لازماً یہودی منصوبوں کو نظر انداز کرتے ہوئے یہودیوں کی حکومت کے قیام میں پوری مدد کریں گے اور وہ ایسا کر بھی رہے ہیں۔مگر ایسی راہوں سے کہ ان کی تدبیریں ضائع نہ ہو جائیں اور وہ یہودیوں کے ہاتھ میں نہ کھیلیں بلکہ یہودی ان کے ہاتھ میں کھیلیں۔چنانچہ دوسری جنگ عظیم کے بعد مشرقی جرمنی، پولینڈ، رومانیہ، بلغاریہ اور زیکو سلو یکیا کے یہودیوں کو کوئی سال بھر تک روسی ایجنٹوں نے اپنے ڈھب پر لانے کی کوشش کی اور جب وہ لوگ روسی پرو پیگنڈا سے متاثر ہو گئے اور ان کی ہمدردیاں روسی مقاصد کے ساتھ وابستہ ہو گئیں تو روس نے اُن کو اس روپیہ سے امداد دے کر جو جرمن اور آسٹرین سے انہوں نے لوٹا تھا اور جو زیادہ تر ان نوٹوں پر مشتمل تھا جو ان ممالک میں انگریزوں اور امریکنوں نے اپنے پروپیگنڈہ کی خاطر پھیلائے تھے انہیں مغربی یورپ کے طرف دھکیلنا شروع کیا۔وہ لوگ ظاہر یہ کرتے تھے کہ روس کے مظالم سے تنگ آ کر وہ مغربی ممالک کی طرف بھاگ رہے ہیں جہاں سے وہ فلسطین جائیں گے۔بعض لوگوں نے روسیوں کی اس چالا کی کو سمجھ لیا چنانچہ وہ امریکن جرنیل جو اُس وقت یورپ کی دوبارہ آبادی کے کام پر یو۔این۔اے کی طرف سے مقرر تھا اس نے ایک اخباری نمائندہ کے سامنے اس خیال کا اظہار کیا کہ ہزاروں یہودی اس کے علاقے سے بھاگتے ہوئے مغربی یورپ کی طرف آ رہے ہیں اور یہ بیان کرتے ہیں کہ اُن کو روسیوں نے لوٹ لیا ہے اور ان کے ظلموں سے تنگ آ کر وہ ادھر بھاگے ہیں لیکن یہ عجیب بات ہے کہ ان کے بٹوے روپوں سے بھرے ہوئے ہیں اور ایسے روپیہ سے بھرے ہوئے ہیں جو صرف روسی حکومت ہی اُن کو دے سکتی تھی اس لئے یہ۔