انوارالعلوم (جلد 19) — Page 261
انوار العلوم جلد ۱۹ ۲۶۱ الفضل کے اداریہ جات کمبلوں، گرم کوٹوں، برساتی کوٹوں، زمین پر بچھانے والی برساتیوں، برفانی بوٹوں، گرم جرابوں اور گرم سو یٹروں سے امداد کریں۔یہ چیزیں کچھ تو ان دُکانوں سے مہیا کی جاسکتی ہیں جنہوں نے گزشتہ زمانہ میں ڈسپوزل کے محکمہ سے سامان خریدا تھا اور کچھ سامان ابھی ڈسپوزل کے سٹوروں میں پڑا ہو گا جو ملک کے پاس فروخت کرنے کیلئے ہے وہاں سے بھی سامان خریدا جا سکتا ہے اور کچھ سامان خود دسرحد، کشمیر اور پونچھ سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔اس کے لئے صحیح جگہ روپیہ بھجوا دینا نہایت ضروری ہے۔ہم پاکستان کے تمام اخباروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے اپنے خریداروں سے روزانہ اس کام کے لئے چندہ کی اپیل کریں یا سارے اخبار مل کر ایک کمیٹی بنالیں جو مشترکہ طور پر روپیہ جمع کرے اور ایسے ضروری سامان خریدے جو مغربی پاکستان میں مل سکتے ہیں اور جو مغربی پاکستان میں نہیں مل سکتے لیکن خود کشمیر اور پونچھ اور سرحد میں مل سکتے ہیں، ان کے لئے روپیہ عارضی حکومت کو بھجوائیں یا عارضی حکومت کی ان شاخوں کو بھجوائیں جو ملک کے مختلف حصوں میں کام کر رہی ہیں۔ہم الفضل کے خریداروں اور الفضل کے پڑھنے والوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ جو کچھ انہیں تو فیق ہو اس کام کے لئے بھجوائیں مگر اتنی بات کافی نہیں اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر الفضل کا خریدار اور ہر الفضل کا پڑھنے والا اپنے اپنے علاقہ کے لوگوں سے بھی چندہ کی اپیل کرے۔اگر ہمارے اخبار کے خریدار اور ہمارے اخبار کے پڑھنے والے لوگوں پر ساری حقیقت واضح کر دیں تو یقیناً لوگ دل کھول کر چندہ دیں گے لیکن سوال زیادہ روپیہ کا بھی نہیں جو زیادہ دے سکتا ہے وہ زیادہ دے جو زیادہ نہیں دے سکتا یا زیادہ دینا نہیں چاہتا وہ اگر ایک پیسہ بھی دیتا ہے تو اپنے ملک کی خدمت کرتا ہے۔اگر ہزار آدمی ایک ایک پیسہ دے کر بھی ایک سپاہی کی جان بچالیتے ہیں تو یقینا وہ فتح کو قریب کر دیتے ہیں اس لئے کمر ہمت کس کر کھڑے ہو جا ئیں اور اپنے علاقہ کے تمام لوگوں سے خواہ وہ کسی قوم اور کسی فرقہ اور کسی خیال کے ہوں ، چندہ جمع کریں اور جلد سے جلد بھجوائیں اس تمام چندے کا حساب رکھا جائے گا اور بعد میں حساب شائع کیا جائے گا یا درکھیں کہ الفضل ایسے چندے کو اور ایسی چیزوں کو جو اس چندہ میں آئیں سو فیصدی اس جگہ پر پہنچا دے گا جہاں پہنچ کر وہ کشمیر کی تحریک کو انشَاءَ اللہ فائدہ پہنچا سکیں گی۔( الفضل لا ہور۱۲ نومبر ۱۹۴۷ء)