انوارالعلوم (جلد 19) — Page 83
انوار العلوم جلد ۱۹ ۸۳ قومی ترقی کے دوا ہم اصول اپنے پیدا کرنے والے خدا کے ساتھ گہرا تعلق پیدا کرے اور خدا تعالیٰ کی طرف سے اس کے سپر د کوئی کام کیا جائے جس میں غلطی کا امکان ہی نہ ہو سکتا ہو۔عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ جب کبھی انسان اپنے لئے خود کوئی مقصد تلاش کرتا ہے تو اُس کے متعلق اُس کے دل میں بسا اوقات شبہات اور وساوس پیدا ہوتے رہتے ہیں کہ نہ معلوم یہ مقصد صحیح اور مفید اور با برکت ہے یا نہیں ہے اور وہ خیال کرتا ہے کہ شاید میں غلطی کر رہا ہوں۔دنیا میں بیسیوں ایسی مثالیں ملتی ہیں کہ کئی لوگوں نے اپنے لئے ایک مقصد تلاش کیا اور کچھ عرصہ تک اُس کو اپنائے رکھا لیکن یکدم ان کی حالت میں تبدیلی پیدا ہوگئی اور انہوں نے اس مقصد کو ترک کر دیا اور جب ان سے پوچھا گیا کہ تم نے اپنے سامنے اتنے عرصہ تک ایک مقصد رکھا تھا اور اب تم اسے چھوڑ رہے ہو اس کی کیا وجہ ہے؟ تو انہوں نے کہہ دیا کہ وہ مقصد چونکہ ہمارے لئے مفید نہ تھا اس لئے اس کا چھوڑنا ہی ضروری تھا۔بعض لوگ دیکھے گئے ہیں کہ پہلے تو وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم کی طرف مرکوز کر دیتے ہیں لیکن تھوڑا ہی عرصہ گزرتا ہے کہ ان کی حالت میں تبدیلی پیدا ہو جاتی ہے اور وہ تعلیم کے ارادہ کو ترک کر کے بلکہ بسا اوقات اسے اپنے حالات کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے سیاسیات میں حصہ لینا شروع کر دیتے ہیں اور جب ان سے پوچھا جائے کہ یہ تم نے کیا کیا کہ تعلیم کو چھوڑ سیاست میں آگئے تو وہ کہتے ہیں کہ اب ہمارے لئے تعلیم کا چھوڑنا اور سیاست میں حصہ لینا ہی مفید تھا لیکن جو شخص یا قوم ایک ایسا مقصد سامنے رکھے جس کے متعلق خدا تعالیٰ نے اسے کہا ہو اور اس کو اپنی کامیابی پر کامل یقین ہو تو وہ کبھی اس کے متعلق یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ مقصد غلط ہے کیونکہ اگر خدا تعالیٰ نے اس کے لئے وہ مقصد قرار دیا ہوگا تو وہ ہر قسم کی غلطیوں سے پاک ہوگا اور اگر خدا نے تو اُس کو نہیں کہا بلکہ اس نے اپنے آپ ایک مقصد کو اپنا لیا ہے تو اس کے متعلق اُس کے دل میں شبہات بھی پیدا ہو سکتے ہیں اور وساوس بھی ہو سکتے ہیں۔یا پھر یوں کہنا چاہئے کہ جس مقصد کو خدا کی رضا کے لئے نہیں بلکہ اپنی مرضی سے اختیار کیا گیا ہو اس میں تبدیلی کا ہر وقت امکان ہو سکتا ہے۔پس جب ایک دفعہ انسان کسی مقصد کو یہ کہہ کر اختیار کرتا ہے کہ اس کے متعلق خدا نے مجھے حکم دیا ہے تو وہ کبھی اس کے غیر مفید ہونے کے متعلق شکوک میں مبتلا نہیں ہو سکتا۔اور اگر کوئی شخص پہلے تو یہ کہے کہ اس مقصد کا خدا تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے اور بعد میں کہنے